Monday, September 16, 2024

پنجاب میں حکومت بنانے کیلئے 27 آزاد امیدوار اہمیت اختیار کر گئے

پنجاب میں حکومت بنانے کیلئے 27 آزاد امیدوار اہمیت اختیار کر گئے
July 27, 2018
لاہور (92 نیوز) تخت پنجاب کی حکمرانی کیلئے سیاسی جماعتوں کا جوڑ توڑ  جاری ہے۔ نشستوں کے لحاظ  سے پنجاب میں دوسرے نمبر پر آنے والی جماعت  تحریک انصاف کی جانب سے پنجاب کا میدان سر کرنے کی بھرپور کوشش جاری ہے۔ پنجاب کی حکمرانی کا تاج کس کے سر سجے ؟؟؟ کس جماعت کے حصے میں  پنجاب کا اقتدار آئے گا، فیصلہ آزاد رکن پنجاب اسمبلی کرینگے۔ پنجاب  اسمبلی کے 27 آزاد ارکان کاحکومت سازی اورجوڑ توڑ میں اہم کردار ہو گا۔ پنجاب میں مسلم لیگ ن   127 نشستوں کے ساتھ پہلے، تحریک انصاف 118 نشستوں کے ساتھ  دوسرے نمبر پر ہے۔ ذرائع کے مطابق پنجاب میں حکومت بنانے کیلئے تحریک انصاف نے آزاد ارکان  اسمبلی سے رابطہ تیز کردیئے ہیں۔ پنجاب میں حکمرانی کیلئے 14 آزاد امیدواروں سے بھی رابطہ کر لیا گیا ہے۔ جہانگیر خان ترین اورچوہدری سرور مزید آزاد ارکان سے رابطوں میں مصروف  ہیں۔ تحریک انصاف کی اتحادی مسلم لیگ ق کے پاس بھی پنجاب اسمبلی میں 7  نشستیں ہیں۔ پیپلزپارٹی  بھی 6  نشستوں کے ساتھ جوڑ توڑ میں  اہم کردار ادا کرے گی۔