Thursday, March 28, 2024

پنجاب میں تجاوزات کیخلاف گرینڈ آپریشن جاری ،کئی شہروں سے تجاوزات کا صفایا

پنجاب میں تجاوزات کیخلاف گرینڈ آپریشن جاری ،کئی شہروں سے تجاوزات کا صفایا
October 1, 2018
لاہور ( 92 نیوز) پنجاب میں تجاوزات کےخلاف گرینڈ آپریشن جاری ہے ،  فیصل آباد میں کچہری بازار ، گھنٹہ گھر چوک سے تجاوزات کا صفایا کردیا گیا ۔ حکومت کی جانب سے جھنگ ، سیالکوٹ ، نارووال ، خانیوال ، رحیم یار خان اور سرائے عالمگیر میں بھی تجاوزات کے خلاف آپریشن جاری رہا۔ وزیراعلیٰ پنجاب کا حکم آیا اور لیاقت پور میں انتظامیہ تجاوزات کے خلاف متحرک ہو گئی ، گرینڈ آپریشن کا آغاز کیا گیا جسے اسسٹنٹ کمشنر نے لیڈ کیا ، تاہم کئی مقامات پر سرکار اور تاجر آمنے سامنے بھی آئے ۔ نارروال کی کہانی بھی خاصی دلچسپ رہی ،حکم ملتے ہی تجاوزات کے خلاف آپریشن کا آغاز کر دیا گیا جبکہ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ تجاوزات کی اطلاع دیں ۔ سرائے عالمگیر میں تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن پر تجاوزات مافیا نے احتجاج بھی کیا اور روڈ بلاک کر دیا مگر آپریشن جاری رہا ۔ وزیراعلیٰ صاف پنجاب پروگرام کے تحت خانیوال میں بھی آپریشن کا آغاز کر دیا گیا ، کریک ڈاؤن کی نگرانی ڈپٹی کمشنر نے خود کی  جن کا کہنا ہے تجاوزات کے خاتمے تک آپریشن جاری رہے گا ۔ سیالکوٹ میں تجاوزات کے خلاف انتظامیہ متحرک ہو گئی ،تجاوزات کے خاتمے کے لئے محکموں نے فہرستیں بھی مرتب کر لیں ۔انتظامیہ کا کہنا ہے تجاوزات کے خلاف بلاتفریق آپریشن ہوگا ۔ گوجرانوالہ میں بھی تجاوزات کے خلاف ضلعی انتظامیہ نے خوب رنگ جمایا ، کرینوں کے ذریعے دکانوں اور عمارتوں کو مسمار کیا گیا ، گوجرانوالہ  شہر کا مشہور ہوٹل بھی تجاوزات کی مد میں آ گیا  جبکہ مزاحمت سے نمٹنے کے لئے پولیس کی بھاری نفری موقع پر موجود تھی۔ اس کے ساتھ ساتھ ہارون آباد، دیپالپور  اور دریا خان میں بھی تجاوزات کے خلاف آپریشن کیا گیا ۔لاہور میں ضلعی انتظامیہ کل سے تجاوزات کے خاتمہ کا آغاز کرے گی۔