Saturday, April 20, 2024

پنجاب میں بیورو کریسی میں بڑے پیمانے پر اکھاڑ پچھاڑ کر دی گئی ‏

پنجاب میں بیورو کریسی میں بڑے پیمانے پر اکھاڑ پچھاڑ کر دی گئی ‏
April 14, 2019

لاہور ( 92 نیوز) پنجاب میں بیورو کریسی میں بڑے پیمانے پر اکھاڑ  پچھاڑ کر دی گئی ، سیکرٹری خزانہ اور سیکرٹری سروسز سمیت 14اعلیٰ افسروں کے تبادلوں اور تعیناتیوں کے احکامات جاری کر دئیے گئے ۔  92 نیوز نے 3 اپریل کو ہی اکھاڑ پچھاڑ  سے متعلق بتادیا تھا۔

پنجاب میں بیورو کریسی میں بڑے پیمانے پر اکھاڑ  پچھاڑ  کر دی گئی ،  ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ فضیل اصغراورسیکرٹری خزانہ پنجاب حامد یعقوب شیخ کی خدمات وفاق کے سپرد کر دی گئیں ۔

سیکرٹری ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن شیر عالم خان محسود کی خدمات بھی وفاق کے سپردکر دی گئیں ، ڈاکٹر راحیل صدیقی پرنسپل سیکرٹری برائے وزیر اعلٰی کو سیکرٹری خزانہ پنجاب تعینات کر دیا گیا ۔

سیکرٹری خوراک شوکت علی کو تبدیل کر کے سیکرٹری زراعت پنجاب تعینات کر دیا گیا ، بابر شفیع سیکرٹری ٹرانسپورٹ کو تبدیل کر کے افسر بکار خاص بنا  دیا گیا۔

سید علی مرتضیٰ سیکرٹری آبپاشی کو تبدیل کر کے ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ پنجاب اورڈاکٹر واصف خورشید سیکرٹری زراعت کو تبدیل کر کے سیکرٹری ٹرانسپورٹ تعینات کر دیا گیا ۔

پنجاب کی  بیورو کریسی میں اکھاڑ پچھاڑکی تصدیق 92 نیوز نے  03 اپریل کو ہی کر دی تھی  ، ایڈیٹر فورم رانا عظیم نے اس بات کی تصدیق کی تھی کہ بیورو کریٹس کی وابستگیوں کے حوالے سے لسٹیں بن چکی ہیں ۔

92 نیوز نے اس خبر کی تصدیق بھی کی تھی کہ  بیورو کریسی میں تین گروپس کام کر رہے ہیں اور  افسران کے دو گروپ حکومتی وزراء سے بھی زیادہ طاقتور بن چکے ہیں۔