Monday, May 13, 2024

پنجاب میں بڑے پیمانے پر تبدیلیاں فائنل، 3 ماہ اہم

پنجاب میں بڑے پیمانے پر تبدیلیاں فائنل، 3 ماہ اہم
September 12, 2019
لاہور (روزنامہ 92 نیوز) پنجاب میں بڑے پیمانے پر تبدیلیاں کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ، تین ماہ اہم ترین ہیں ۔ تمام تر اعلیٰ حکومتی ذمہ داران کے بیانات کے باوجود پنجاب میں اہم ترین سطح پر تبادلوں کے حوالے سے معاملات ختم نہیں ہوئے ۔ ذرائع کے مطابق پنجاب میں اہم ترین شخصیت سمیت کئی اہم ترین افراد کو بچانے کیلئے اعلیٰ ترین حکومتی ذمہ داران بیانات بھی جاری کر رہے ہیں اور برملا یہ کہہ رہے ہیں کہ پنجاب میں کوئی اہم ذمہ دار تبدیل نہیں ہو رہا ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ان تمام بیانات کے برعکس پنجاب کے اندر بڑے پیمانے پر تبدیلیاں فائنل ہو چکی ہیں اور اس ضمن میں آ ئندہ دو سے تین ماہ نہایت اہم ہیں۔ اہم ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب کی چند اہم ترین شخصیات کے حوالے سے باقاعدہ ایک چارج شیٹ تیار کر کے وفاق میں اہم ترین ذمہ داران کو جلد دی جا رہی ہے جس میں کئی ایسے ثبوت موجود ہوں گے جس میں کرپشن سے لیکر دیگر معاملات کے حوالے سے ثبوت دیے گئے ہوں گے جن میں یہ ثابت ہو گا کہ پنجاب کی اہم ترین شخصیات کس طرح ان کاموں میں ملوث ہیں۔ پنجاب میں پولیس سے لیکر دیگر معاملات میں کس طرح وزیر اعظم عمران خان کے وژ ن سے ہٹ کر کام کئے گئے اور اوپر کس طرح غلط رپورٹنگ کی جا رہی ہے اور غلط رپورٹس بھیجی جا رہی ہیں جس میں سب اچھے کا بتایا جا رہا ہے ۔

پنجاب میں بیورو کریسی میں بڑے پیمانے پر اکھاڑ پچھاڑ کر دی گئی ‏

اہم ذرائع کے مطابق کئی ایسے افراد کے حوالے سے بھی اہم ترین انکشافات ان رپورٹس میں ہوں گے جن کا تعلق حکومت سے نہ ہونے کے باجود بھی کئی اختیارات ان کے پاس ہیں اور کئی اہم ترین سرکاری عہدوں پر ان کے کہنے پر نہ صرف تعیناتیاں ہوئی ہیں بلکہ ان تعیناتیوں کے عوض کیا فائدے لئے گئے اور کیا کیا کچھ ملا ، اس حوالے سے بھی ثبوت ہوں گے ۔ یہ بھی ذرائع کا کہنا ہے کہ کچھ پراپرٹیز کے حوالے سے بھی ان رپورٹس اور چارج شیٹ میں ثبوت دیے جائیں گے جو اہم ترین شخصیت کے قریبی افراد کو تحفوں میں ملی ہیں مگر وہ حقیقت میں اہم شخصیت کیلئے ہیں ۔ با وثوق ذرائع کے مطابق آ ئندہ دو سے تین ماہ پنجاب اور وفاق دونوں کے حوالے سے نہ صرف اہم ترین ہیں بلکہ ان دو سے تین ماہ میں اہم ترین تبدیلیاں بھی ہو سکتی ہیں ۔