Saturday, April 20, 2024

پنجاب میں اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے خصوصی کمیشن بنایا جا رہا ہے، عثمان بزدار

پنجاب میں اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے خصوصی کمیشن بنایا جا رہا ہے، عثمان بزدار
December 21, 2021 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار کا کہنا ہے پنجاب میں اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے خصوصی کمیشن بنایا جا رہا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے صوبائی وزیر انسانی حقوق و اقلیتی امور اعجازعالم کی سربراہی میں مسیحی برادری کے وفد کی ملاقات ہوئی۔ وفد نے اقلیتی برادریوں کی فلاح وبہبود کیلئے ٹھوس اقدامات پر وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے اظہار تشکرکیا۔ وفد نے گفتگو کرتے ہوئے کہا آپ کی قیادت میں پنجاب حکومت نے اقلیتی برادریوں کے لئے بے مثال اقدامات کیے ہیں۔ آپ نے مختصر عرصے میں اقلیتی برادری کی فلاح و بہبود کیلئے عملی کام کئے ہیں۔ آپ کی حکومت کے اقلیتی برادری کے حقوق کے تحفظ کیلئے پائیدار اقدامات کی تحسین کرتے ہیں۔ پنجاب حکومت نے اقلیتی برادری کی فلاح و بہبود میں لیڈ لی ہے۔

اس موقع پر عثمان بزدار نے کہا مینارٹی رائٹس کمیشن کا مسودہ تیار کر لیا گیا ہے۔ پنجاب حکومت نے رواں مالی سال اقلیتوں کیلئے بجٹ میں 5 گنا اضافہ کیا ہے۔ رواں سال اقلیتی برادریوں کی فلاح و بہبود کیلئے 2 ارب 50 کروڑ روپے رکھے گئے ہیں۔ اقلیتی برادری کیلئے ملازمتوں کے مختص 5 فیصد کوٹے کے تحت خالی آسامیوں پر بھرتی کا عمل شروع ہو چکا ہے۔ اقلیتی برادریوں کیلئے ملازمتوں کے مختص کوٹے پر سو فیصد عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔

وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار بولے پنجاب کی تاریخ میں پہلی بار اقلیتوں کیلئے ہائر ایجوکیشن کے اداروں میں 2 فیصد خصوصی کوٹہ مقرر کیا ہے۔ 2 فیصد کوٹہ سے اقلیتی طلبہ بہترین درسگاہوں میں اعلیٰ تعلیم حاصل کر سکیں گے۔