Thursday, March 28, 2024

پنجاب میں آٹے کے بحران کا خدشہ پیدا ہوگیا

پنجاب میں آٹے کے بحران کا خدشہ پیدا ہوگیا
April 4, 2020
لاہور (92 نیوز) پنجاب میں آٹے کے بحران کا خدشہ پیدا ہوگیا، فلور ملز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ سندھ سے پنجاب بھیجی جانے والی گندم کو سندھ میں روکا جا رہا ہے،ادھر وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر گندم خریداری کے لیے کمیٹی بنا دی گئی۔ پنجاب میں ایک طرف تو لاک ڈاؤن جاری ہے جبکہ دوسری جانب آٹے کے بحران کا خدشہ پیدا ہو گیا، فلور ملز ایسوسی ایشن کے مرکزی رہنماء عاصم رضا کا کہنا ہے کہ پرمٹ ہونے کے باوجود سندھ سے آنے والی گندم کو سندھ میں ہی روک لیا گیا ہے، جو پنجاب کی 10 فلور ملز کے لیے آ رہی تھی۔ انکا کہنا ہے کہ اگر یہ گندم پنجاب نہ پہنچی تو یہاں بھی آٹے کی قلت پیدا ہوسکتی ہے۔ دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایت پر وزراء، مشیران اور معاونین خصوصی پر مشتمل کمیٹی تشکیل دے دی گئی، نوٹیفکیشن کے مطابق چھتیس ارکان پر مشتمل کمیٹی سال 2020 کے لیے گندم کی خریداری پر نظر رکھے گی۔ وزراء، مشیران اور معاونین خصوصی پر مشتمل کمیٹی مسلسل وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کو گندم کی خریداری کے حوالے سے اپنی سفارشات ارسال کرتی رہے گی۔ کمیٹی ارکان کو کورونا وائرس پر قابو پانے کے حوالے سے بھی تمام اسٹیک ہولڈرز سے ملاقاتیں کرنےکی ہدایت کی گئی ہے، اس حوالے سے نوٹیفکیشن میں تمام ارکان کے اضلاع بھی انہیں متعین کر دئیے گئے ہیں۔