Friday, April 19, 2024

پنجاب میں آٹے کی قیمت مقرر ہونے کے باوجود مارکیٹ میں مہنگے داموں فروخت

پنجاب میں آٹے کی قیمت مقرر ہونے کے باوجود مارکیٹ میں مہنگے داموں فروخت
July 3, 2020
لاہور (92 نیوز) حکومت پنجاب کی طرف سے آٹے کی قیمت مقرر کردی گئی مگر آٹا ابھی بھی مارکیٹ میں مہنگے داموں ہی فروخت ہو رہا ہے، فلور ملز والوں کا کہنا ہے کہ جیسے ہی نوٹیفکیشن اور سبسڈائز گندم ملے گی حکومتی ریٹ پر عملدرآمد شروع ہو جائے گا۔ پنجاب کابینہ کی منظوری کے بعد شہریوں کے سستے داموں آٹا نہ مل سکا، مارکیٹ میں بیس کلو آٹے کا تھیلہ ایک ہزار سے ایک ہزار پچاس روپے میں فروخت ہو رہا ہے، ترجمان پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ کا کہنا ہے کہ ہر صورت احکامات پر عملدرآمد کروائیں گے۔ پنجاب اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر پیپلزپارٹی حسن مرتضیٰ کا کہنا ہے کہ حکومت کا کسی چیز پر کنٹرول نہیں ہے۔ دوسری جانب چیئرمین پنجاب فلو ملز چودھری عبدالرؤف نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت نے پی ایف ایم اے کے ساتھ مشاورت کو نظر انداز کیا جس پر فلور ملز انڈسٹری کو تحفظات ہیں ، حکومتی گندم اجراء کی پالیسی میں خلاء ہے جس کے بغیر نتائج حاصل نہیں ہوسکتے۔ فلور ملز ایسوی ایشن کا کہنا ہے کہ مارکیٹ میں فی من گندم کی قیمت 1400 سے بڑھ کر 1800 سے 1900 روپے ہو گئی تھی،جیسے ہی سبسڈائز گندم ملے گی حکومتی نرخوں پر عملدرآمد شروع ہو جائے گا۔