Sunday, May 12, 2024

پنجاب میں آبپاشی کے میگا منصوبے جلال پور کینال پر 121 سال بعد کام کا آغاز

پنجاب میں آبپاشی کے میگا منصوبے جلال پور کینال پر 121 سال بعد کام کا آغاز
December 26, 2019
لاہور ( 92 نیوز) پنجاب میں آبپاشی کے میگا منصوبے جلال پور کینال پر121سال بعد کام کا آغاز ہو گا ، وزیراعظم عمران خان آج افتتاح کریں گے۔ تحریک انصاف کی حکومت کا بڑا اعزاز ، 121 سال پرانے منصوبے پر کام آج سے سے شروع ہوگا ،  وزیر اعظم عمران خان جہلم میں جلال پور ایریگیشن منصوبے کا افتتاح کریں گے ۔ تقریب میں وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار، جہانگیر ترین، فواد چوہدری بھی شریک ہوں گے ۔ منصوبے کے تحت دریائے جہلم سے 115 کلومیٹر طویل نئی کینال بنائی جائے گی، 48 ارب روپے کی لاگت سے تکمیل چار سال میں ہوگی۔ ایشیائی ترقیاتی بینک 42 ارب کا قرض فراہم کرے گا  ، نہر کا پانی جہلم، پنڈ دادن خان اور ضلع خوشاب کے 1 لاکھ 70 ہزار ایکڑ رقبے کو سیراب کرے گا۔ جلال پور ایریگیشن منصوبہ سے 1350 کیوسک پانی فراہم کیا جائے گا ، تین اضلاع میں ایک لاکھ خاندان، ساڑھے پانچ لاکھ لوگ براہ راست مستفید ہوں گے۔ جلال پور ایریگیشن منصوبہ 1898 میں بنایا گیا تھا ، مختلف وجوہات کیوجہ سے ماضی میں یہ منصوبہ شروع نہ ہوسکا ،جلال پور ایریگیشن نارتھ پنجاب میں ایوب خان دور کے بعد پہلا بڑا منصوبہ ہوگا۔