Thursday, April 18, 2024

پنجاب میں 2 کروڑ 80 ہزار سے زائد ووٹرز حق رائے دہی استعمال کر رہے ہیں

پنجاب میں 2 کروڑ 80 ہزار سے زائد ووٹرز حق رائے دہی استعمال کر رہے ہیں
October 31, 2015
لاہور (92نیوز) پنجاب کے بارہ اضلاع میں پولنگ جاری‘ دو کروڑ اسی ہزار سے زائد ووٹر ز حق رائے دہی استعمال کر رہے ہیں۔ حساس پولنگ سٹیشنوں اور اطراف میں سکیورٹی ہائی الرٹ ہے جبکہ کئی شہروں میں بدنظمی اور ہنگامہ آرائی کے باعث پولنگ روک دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب کے بارہ اضلاع میں پولنگ کا عمل صبح ساڑھے سات بجے شروع ہوا۔ لاہور، فیصل آباد، گجرات ، چکوال ، ننکانہ صاحب، قصور ، پاکپتن ، اوکاڑہ ، لودھراں ، وہاڑی اور بہاولنگر میں مجموعی طور پر سولہ ہزار 266پولنگ سٹیشنز بنائے گئے ہیں جن میں سے سے تین ہزار 551پولنگ سٹیشنز کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے۔ مجموعی طور پر دو کروڑ اسی ہزار سے زائد ووٹر ز حق رائے دہی استعمال کریں گے جبکہ پولنگ شام ساڑھے پانچ بجے تک جاری رہے گا۔ پنجاب کے مختلف اضلاع میں بدنظمی اور ہنگامہ آرائی کے واقعات بھی دیکھنے میں آئے۔ فیصل آباد کی یو سی 54 عبداللہ پور میں پولنگ پر اثر انداز ہونے والے جعلی پولیس اہلکار کو گرفتار کرلیا گیا۔ لاہور کی یونین کونسل نمبر 207 میں پولنگ سٹیشن نمبر تین میں مبینہ طور پر جعلی ووٹر پکڑا گیا جبکہ لاہور کے ہی علاقے شاہدرہ میں تحریک انصاف کے کیمپ اکھاڑنے کا واقعہ بھی پیش آیا۔ اسی طرح مختلف پولنگ سٹیشنوں میں ہنگامہ آرائی کے باعث پولنگ روک دی گئی جو تعطل کے بعد بحال کر دی گئی۔