Tuesday, April 16, 2024

پنجاب میں 14 دن کیلئے معمولات زندگی معطل کرنے کا فیصلہ

پنجاب میں 14 دن کیلئے معمولات زندگی معطل کرنے کا فیصلہ
March 23, 2020
لاہور (92 نیوز) پنجاب حکومت نے لاک ڈاؤن کا نام دیئے بغیر کل سے سب کچھ بند کرنے کا اعلان کردیا، کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کیلئے 14 دن کیلئے معمولات زندگی معطل کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 24 مارچ سے 6 اپریل تک 14 دن کیلئے صوبے کے بازار، شاپنگ مال، پبلک ٹرانسپورٹ اور سیاحتی مقامات بند رہیں گے۔ پاک فوج اور پنجاب کی سول انتظامیہ عوام کی خدمت کیلئے سرگرم عمل ہیں۔ ڈبل سواری پر پابندی رہے گی تاہم فیملیز اس سے مستثنیٰ رہیں گی۔ عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ ضروری سروسز فراہم کرنے والے ادارے واسا،ایدھی اور ویلفیئر ادارے کھلے رہیں گے، ڈاکٹرز،نرسز،پیرامیڈیکل اسٹاف  کو سلام پیش کرتے ہیں، کسی قسم کی مشکلات نہیں آئیں گی، جس طرح سے معاملات زندگی چل رہے ہیں اس میں تھوڑی سے تبدیلی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پورے صوبے میں سپلائی میں کوئی خلل نہیں آئے گا۔ غریبوں کیلئے کل وزیر خزانہ پنجاب کابینہ اجلاس میں پلان پیش کریں گے۔ وزیراعلیٰ پنجاب بولے کہ 21 مارچ کو پنجاب میں 2 روز کیلئے شاپنگ مالز، بازار بند کیے گئے، گھر میں رہنا ہی کورونا سے بچاؤ کا بہترین طریقہ ہے، گھروں میں رہنے کی اپیل پر عوام کے تعاون کرنے پر شکر گزار ہوں۔ یہ کرفیو اور لاک ڈاؤن نہیں ہے۔ صورتحال اچھی رہی تو  وقت سے پہلے اسے ختم بھی کرسکتے ہیں۔