Friday, April 26, 2024

پنجاب فوڈ اتھارٹی کے اہلکاروں کی کرپشن بے نقاب ،سی سی ٹی وی فوٹیج 92نیوز نے حاصل کر لی

پنجاب فوڈ اتھارٹی کے اہلکاروں کی کرپشن بے نقاب ،سی سی ٹی وی فوٹیج 92نیوز نے حاصل کر لی
July 31, 2015
لاہور(92نیوز)ایک طرف پنجاب فوڈ اتھارٹی کے مضر صحت اشیاءفروخت کرنیوالوں کیخلاف چھاپوں اور سخت ایکشن کے چرچے ہیں تو دوسری جانب اتھارٹی کے اہلکاروں کی کرپشن بھی بے نقاب ہونا شروع ہو گئی ہے۔ نائنٹی ٹو نیوز کو سی سی ٹی وی فوٹیج موصول ہو گئی ہےجس میں عملے کے دو افراد رشوت لیتے دکھائی دیتے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق نائنٹی ٹو نیوز کو موصول سی سی ٹی وی فوٹیج میں پنجاب فوڈ اتھارٹی کے اہلکاروں کو رشوت لیتے ہوئے صاف دیکھا جا سکتا ہے،اتھارٹی کے ملازمین نے ایک مقامی ہوٹل کی انتظامیہ سے ساڑھے چودہ ہزار روپے وصول کئے،یہی نہیں اہلکار زیادہ رشوت مانگتے رہے اور بیس ہزار روپے کا مطالبہ کیا تاہم معاملات ساڑھے چودہ ہزار روپے میں ہی طے پائےگئے ۔ پنجاب فوڈ اتھارٹی کے اہلکار جس کار پر آئے فوٹیج میں اس کو بھی دیکھا جا سکتا ہے کالے رنگ کی پرائیویٹ کار پر ایل ڈی پی 59 نمبردرج تھا یہ گاڑی گارڈن ٹاﺅن کے ایک رہائشی کے نام ہے۔ دوسری طرف کوشش کے باوجود جب ڈائریکٹر فوڈز عائشہ ممتاز سے رابطہ نہ ہوا تو نائنٹی ٹو نیوز کی طرف سے میسج اور فوٹیج انہیں وٹس اپ کر دی گئی۔ فوٹیج سمیت دیگر شواہد دیکھنے کے باوجود پنجاب فوڈ اتھارٹی کی جانب سے نہ تو تصدیق اور نہ ہی تردید کی جارہی ہے کہ رشوت لینے والے ملازمین کا تعلق اتھارٹی سے ہے یا نہیں اور اگر ان کا تعلق محکمے سے ہے تو ان کیخلاف کیا کارروائی ہو گی۔