Friday, May 10, 2024

پنجاب، سندھ، مشرقی بلوچستان اور جنوبی خیبرپختونخوا میں غضب کی گرمی پڑی

پنجاب، سندھ، مشرقی بلوچستان اور جنوبی خیبرپختونخوا میں غضب کی گرمی پڑی
June 29, 2019
لاہور (92 نیوز) شدید گرمی نے شہریوں کو گھروں میں دبکنے پر مجبور کر دیا۔ پنجاب، سندھ،مشرقی بلوچستان اور جنوبی خیبرپختونخوا میں غضب کی گرمی پڑی۔ پنجاب، سندھ، بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے میدانی علاقے تندور بن گئے۔ گرم ہواؤں نے شہروں کے چہرے جھلسا دیئے۔ لاہور میں پارہ 43 ڈگری کو چھو گیا، دیگر شہروں میں بھی قیامت خیز گرمی کا راج رہا۔ خیبرپختونخواہ کے جنوبی اضلاع، مشرقی بلوچستان، اندرون سندھ اور جنوبی پنجاب میں بھی سورج سوا نیزے پر آگیا۔ سبی 49 ڈگری سنٹی گریڈ کے ساتھ ملک کا گرم ترین مقام رہا۔ دادو میں 47 اور شہید بےنظیرآباد میں 46 ڈگری کی گرمی پڑی۔ کراچی میں موسم نے کئی رنگ بدلے۔ سورج اور بادلوں کی آنکھ مچولی ہوتی رہی، کہیں کہیں بوندا باندی بھی ہوئی ۔ حسین موسم کا لطف اٹھانے شہری سی ویو پہنچ گئے، موسم سہانا ہوا تو چہرے کھل اٹھے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک کے میدانی علاقوں میں شدید گرمی پڑے گی۔ مالاکنڈ، ہزارہ، پشاور، کوہاٹ، لاہور، راولپنڈی، گوجرانوالہ، سرگودھا ڈویژن، اسلام آباد، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بارش کا امکان ہے۔