Saturday, May 11, 2024

پنجاب ، سندھ اور خیبرپختونخوا میں ڈینگی نے خطرے کی گھنٹی بجادی

پنجاب ، سندھ اور خیبرپختونخوا میں ڈینگی نے خطرے کی گھنٹی بجادی
September 11, 2019
لاہور ( 92 نیوز) پنجاب ، سندھ اور خیبر پختونخوا میں  ڈینگی نے  ایک بار پھر خطرے کی گھنٹی بجا دی  مگر  حکومت کے کانوں پر جوں تک نہ رینگی ،وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے عوام کو ڈینگی کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا ۔ ڈینگی کے کاٹنے کے باعث بچے سمیت دو افراد اسپتال میں زندگی کی بازی ہار گئے ، قاتل مچھروں نے حکومتی نا اہلی کا پول کھول دیا۔ فیصل آباد کے الائیڈ اسپتال میں زیر علاج 14سالہ آریان دم توڑ گیا، اسپتال میں زیر علاج مریضوں کی تعداد 27 ہوگئی ۔ ٹنڈوالہ یار میں  ڈینگی کا شکار 8سالہ بچہ کراچی کے نجی اسپتال میں چل بسا۔ کراچی ،پشاور ،راولپنڈی،اسلام آباد کے بعد فیصل آباد میں بھی ڈینگی سے متاثرہ مریضوں کی تعداد میں اضافہ روز بروز اضافہ ہونے لگا۔ راولپنڈی  میں ڈینگی سنگین صورتحال اختیار کر چکا ہے ،صرف راولپنڈی ریجن میں   ڈینگی سے متاثرہ افراد کی تعداد ڈیڑھ ہزار سے تجاوز کرچکی ہے، پشاور میں بھی ساڑھے چھ سو سے زائد افراد میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوچکی ہے۔ ملک کے مختلف شہروں میں ڈینگی بڑھتا جارہا ہے جس کی روک تھام کیلئے حکومتی کوششیں ناکافی ثابت ہورہی ہیں ، ڈینگی مچھروں کے خاتمے کیلئے اسپرے کیا گیا  اور نہ پیشگی اقدامات اٹھائے گئے۔