Saturday, May 18, 2024

پنجاب ، سندھ اور بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بارش سے موسم خوشگوار

پنجاب ، سندھ اور بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بارش سے موسم خوشگوار
May 23, 2019
لاہور ( 92 نیوز) پنجاب ، سندھ اور بلوچستان کے مختلف علاقوں میں ابر کرم برسا تو گرمی کا زور ٹوٹ گیا  جس سے موسم خوشگوار ہو گیا اور  شہریوں نے سکھ کا سانس لیا۔ بلوچستان اور سندھ کے اکثر علاقوں میں بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا،محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں میں ملک کے مختلف علاقوں میں  گرج چمک کےساتھ بارش کی پیشگوئی کی ہے۔ ملک کے  مختلف  علاقوں میں کہیں  گرمی کہیں موسلا دھار بارش کا راج ہے ۔ پنجاب ، سندھ اور بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا ، لاہور اور کراچی سمیت  کئی شہروں میں موسم گرم رہا تاہم بلوچستان اور سندھ کے بعض مقامات پر بادل کھل کر برسے۔ کوئٹہ ،زیارت،سنجاوی،چمن،دکی ،ہرنائی سمیت بلوچستان  کے مختلف شہروں  میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلا دھار بارش   ہوئی  جس سے ندی نالوں میں طغیانی آگئی  اور نشیبی علاقے زیر آب آگئے ، سڑکوں پر پانی جمع ہونے سے ٹریفک بری طرح متاثر رہی ۔ لاڑکانہ ،قمبر اور شکار پور میں بھی موسم نے انگڑائی لی ، تیز بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔ لاہور  میں بوندا باندی جبکہ ملتان ،پیر محل ،ہارون آباد سمیت پنجاب کے بعض مقامات پر  بارش ہوئی، محکمہ موسمیات نے  اگلے چوبیس گھنٹے میں خیبرپختونخوا، پنجاب،اسلام آباد اور کشمیر میں  کہیں کہیں جبکہ بلوچستان اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی نوید سنائی ہے۔