Friday, March 29, 2024

پنجاب: سردار محمد ایوب انسداد دہشت گردی کے وزیر بن گئے

پنجاب: سردار محمد ایوب انسداد دہشت گردی کے وزیر بن گئے
January 7, 2017

ٹوبہ ٹیک سنگھ (92نیوز) ٹوبہ ٹیک سنگھ میں ضلع کونسل کی سیاست کام دکھا گئی، بھائی کو چیئرمین شپ نہ ملی تو ایم پی اےسردار محمد ایوب خان کو انسداد دہشت گردی پنجاب کا وزیر بنا دیا گیا۔ نئے وزیرکی شمولیت کے بعد صوبائی کابینہ کے ارکان کی تعداد 33 ہوگئی۔

تفصیلات کے مطابق نئے صوبائی وزیر سردار محمد ایوب خان بلدیاتی سیاست اور کچھ لو کچھ دو کی پالیسی کے تحت وزارت لینے میں کامیاب ہوگئے۔ ٹوبہ ٹیک سنگھ میں مسلم لیگ ن دوسیاسی دھڑوں میں تقسیم ہے جن میں چوہدری جنید انور اور چوہدری اسد الرحمن گروپ شامل ہیں۔  ایم این اے چوہدری اسد الرحمن سابق جج خلیل الرحمن رمدے کے بھائی بھی ہیں۔

چوہدری جنید انور ٹوبہ ٹیک سنگھ ضلع کونسل میں لیفینینٹ کرنل ریٹائرڈ سردار ایوب خان کے بھائی مسعود گادی کو چیئرمین ضلع کونسل بنانا چاہتے تھے۔ جنید انور گروپ کووزیراعلی پنجاب شہباز شریف کی حمایت بھی حاصل تھی۔ ایم این اے چوہدری اسد الرحمن گروپ فوزیہ وڑائچ کو چیئرپرسن بنوانا چاہتا تھا۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم نوازشریف کی مداخلت پر ٹکٹ اسد الرحمن گروپ کی فوزیہ وڑائچ کو دیا گیا جوبعد میں چیئرپرسن منتخب ہوئیں۔ وزیراعلی پنجاب نے ایم این اے چوہدری جنید انور گروپ کوراضی کرنے کےلئے ایم پی اے سردار ایوب خان کو صوبائی کابینہ میں شامل کرلیا جنہیں انسداد دہشت گردی کا محکمہ دیا گیا ہےاور وہ جلد ہی وزارت کا حلف بھی اٹھائیں گے۔