Thursday, April 25, 2024

پنجاب ، خیبر پختونخوا ، بلوچستان میں بارش اور ژالہ باری جاری ،ہلاکتیں 36ہو ‏گئیں

پنجاب ، خیبر پختونخوا ، بلوچستان میں بارش اور ژالہ باری جاری ،ہلاکتیں  36ہو ‏گئیں
April 17, 2019

لاہور ( 92 نیوز) لاہور سمیت پنجاب اور خیبر پی کے اور بلوچستان میں تیز ہواؤں ، بارش اور ژالہ باری سے تباہی جاری رہی اور ہلاکتیں 33 ہوگئیں،  جنوبی پنجاب میں گندم کی فصل کو شدید نقصان پہنچا، نشیبی علاقوں میں پانی بھرنے سے کھیتوں میں پڑی فصلیں تباہ ہوگئیں۔

بولان میں مکانوں کی چھتیں گرنے سے 2 بچے جاں بحق اور 4 افراد زخمی ہو گئے ، ڈی آئی خان کی تحصیل پروا کے علاقہ لنڈا اڈا پر نقیب اﷲ کے مکان کی چھت گرنے سے 8 سالہ بچی نجمہ جاں بحق اور دو بچے زخمی ہو گئے ۔

اوکاڑہ کےعلاقے حویلی لکھا کے محلہ اسلام نگر میں شدیدبارش کے باعث بوسیدہ مکان کی چھت گر گئی, جس کےنتیجے  میں شادی کی تقریب میں آئی تین بچیاں جاں بحق اور پانچ افراد شدید زخمی ہوگئے.عبدالواحد نامی شخص کے گھر شادی کی تقریب  کے دوران مکان کی چھت گری۔

 راجن پور کے نواحی علاقہ نوشہرہ غربی میں 2افراد سیلاب میں بہہ گئے ، ایک کو نکال لیا گیا جبکہ  اﷲ ڈیوایا کی نعش نہیں مل سکی۔

لاہور میں سب سے زیادہ بارش پانی والا تالاب میں 26 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی، ایم ڈی واسا سید زاہد عزیز نے مختلف نشیبی علاقوں کا دورہ کیا، ایم ڈی واسا نے لکشمی چوک، اپر مال، لارنس روڈ ، مال روڈ، جی پی او، سپریم کورٹ رجسٹری اور دیگر علاقوں کا دورہ کیااور نکاسی آب آپریشن کا جائزہ لیا ۔

 بارش سے لیسکو کا سسٹم دم توڑ گیا اور 200 فیڈر ٹرپ کر گئے ، آدھے سے زیادہ شہر اندھیرے میں ڈوبا رہا ، رات گئے تک بحالی کا کام جاری رہا۔

 ٹرپنگ اور دیگر فنی خرابیوں کے باعث گلشن راوی، سمن آباد، چوبرجی، لکشمی چوک، اسلام پورہ ، چونگی امرسدھو، قینچی ، والٹن روڈ، ڈیفنس، آرے بازار ، صدر کینٹ، دھرمپورہ، مغلپورہ، گڑی شاہو، ہربنس پورہ ،واپڈا ٹاون، جوہر ٹاون، فیصل ٹاؤن، ماڈل ٹاؤن اور دیگر علاقوں میں بجلی معطل رہی۔

 چیف ایگزیکٹو مجاہد پرویز چٹھہ نے کہا لیسکو کے تقریباً 160 فیڈرز سے بجلی کی ترسیل میں عارضی تعطل پیش آیا ، کئی مقامات پر سیفٹی کے پیش نظر فیڈرز کوبند کیا گیا ۔

گوجرانوالہ میں بارش اور آندھی کے باعث گھر کی چھت گر گئی،جس کےنتیجے میں  خواتین سمیت پانچ افراد زخمی ہو گئے۔تھانہ کینٹ کے علاقہ کشمیر کالونی میں بارش اور  آندھی کے باعث گھر کی بوسیدہ چھت گر گئی، جس کی وجہ سے کمرے میں موجود 5 افراد ملبے تلے دب کر زخمی ہوگئے.

 زخمیوں میں تین خواتین، ایک مرد اور سات ماہ کا بچہ شامل ہے، رابعہ، عدنان اورسات ماہ کے سبحان کو موقع پر فرسٹ ایڈ دے کر فارغ کر دیا گیا جبکہ آسیہ بی بی اور روبیہ کو طبی امداد کے لیے ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کر دیاگیا.

قصور میں گزشتہ شب آندھی ،طوفان، ژالہ باری اور بارش نے تباہی مچا دی ، گھروں کی چھتیں ، دیواریں گرنے سے بچوں سمیت متعدد افراد زخمی ہوگئے ، فصل گندم تباہ ہو گئی ۔

اوکاڑہ میں طوفانی آندھی سے پیپلی پہاڑ جنگل میں آگ بھڑک اٹھی  جبکہ   آٹھ افراد زخمی ہوگئے  ۔  ملتان سمیت جنوبی پنجاب میں بارش اور ژالہ باری سے نشیبی علاقے پانی سے بھر گئے  جس سے  فصلوں کو شدید نقصان پہنچا۔

 جنوبی پنجاب کے شہروں میں گندم کی فصلوں کو شدید نقصان کے بعد کسانوں نے انتظامیہ کیخلاف احتجاج کیا اور مطالبہ کیا کہ کسانوں کو ریلیف دیا جائے ۔ ، کبیر والا میں انتظامیہ کی بے حسی کیخلاف اہل علاقہ نے بھر پور احتجاج کیا۔

بلوچستان کے اضلاع پنجگور، ہرنائی ، ٹانک ، پشین اور کوہلو میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔ کراچی کے ساحلی علاقوں میں دوسرے روز منگل کو بھی طوفانی ہواؤں کا سلسلہ جاری رہا اور ساحل پر لنگرانداز سینکڑوں کشتیاں آپس میں ٹکراگئیں ، متعدد کشتیاں اور لانچیں چرنا آئی لینڈ کے علاوہ دیگرمقامات پرلنگراندازکردی گئیں۔

 مبارک ولیج ابراہیم حیدری ، بابا بھٹ اور دیگر ماہی گیر بستیوں میں سمندری لہریں بھی بلند ہوگئیں ۔

مبارک ولیج میں طوفانی لہروں نے کھڑی کشتیوں کو نقصان پہنچایا، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے بدھ کو بالائی سندھ، کشمیراور گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں آندھی،بارش اور ژالہ باری متوقع ہے ، ملکہ کوہسار مری میں بارش کے بعد سردی لوٹ آئی، مکینوں اور سیاحوں نے پھر گرم لباس اور ہیٹر کا استعمال شروع کردیا۔ 

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ موسلادھار بارش کی وجہ سے مالاکنڈ، ہزارہ ڈویژن، گلگت بلتستان اور کشمیر میں لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خدشہ ہے ۔