Saturday, May 4, 2024

پنجاب، خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بارش

پنجاب، خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بارش
May 10, 2019
 اسلام آباد (92 نیوز) پنجاب، خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بارش ہوئی۔ ڈی آئی خان، ٹانک، سوات، لیہ، سرگودھا، بارکھان میں بادل برسے۔ رحمتوں کے مہینے میں باران رحمت برسا۔ آزاد کشمیر،،پنجاب،خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے کئی  علاقوں میں بارش اور آندھی نے گرمی کا زور توڑ دیا۔ لوگوں کے چہرے کھل اٹھے۔ میرپور آزاد کشمیر، سرگودھا، میانوالی، لیہ ،جلال پور بھٹیاں، بارکھان، پشاور ، سوات، ٹاک اور ڈیرہ اسماعیل خان میں بارش  نے موسم کو کروٹ لینے پر مجبور کر دیا۔ پیسکو، آئیسکو اور فیسکو ریجنز میں آندھی اور طوفان کے باعث متعدد فیڈرز ٹرپ کر گئے جس سے بجلی کی سپلائی متاثر رہی۔ بنوں ،سوات، چکوال، اٹک ریجنز، میانوالی، عیسیٰ خیل  اور کالا باغ سمیت کئی علاقوں کو بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی۔ چنیوٹ کے علاقے لالیاں میں آندھی کے باعث چھت گرنے سے باپ بیٹی ملبے تلے دب  کرزخمی ہو گئے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران بیشترعلاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا تاہم رات کو مالاکنڈ، ہزارہ، پشاور ، بنوں، قلات، گوجرانوالہ ،سرگودھا، راولپنڈی، ملتان، بہاولپور، اسلام آباد، گلگت بلتستان اور کشمیر میں چند مقامات پر آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔