Thursday, April 25, 2024

پنجاب حکومت کی سانحہ ساہیوال کے ملزموں کی بریت کیخلاف ہائیکورٹ میں اپیل

پنجاب حکومت کی سانحہ ساہیوال کے ملزموں کی بریت کیخلاف ہائیکورٹ میں اپیل
October 28, 2019
لاہور (92 نیوز) وزیراعظم کی ہدایت پر پنجاب حکومت ان ایکشن، سانحہ ساہیوال کے ملزموں کی بریت کے خلاف پنجاب حکومت نے لاہور ہائیکورٹ میں اپیل دائر کردی۔ پنجاب حکومت کی جانب سے ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب عبدالصمد نے اپیل دائر کی، اپیل میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ دہشت گردی عدالت نے حقائق کو نظر انداز کرکے ملزموں کو بری کیا۔ ٹرائل عدالت نے ویڈیو ریکارڈ کو نظر انداز کیا، قانونی طریقہ کار کے برعکس گواہوں کو تحفظ فراہم نہیں کیاگیا،،درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیاہے کہ اہم ترین کیس کی عدالتی کارروائی ان کیمرہ نہیں کی گئی، ٹرائل عدالت نے فرانزک ثبوتوں کو اہمیت نہ دے کرمقدمہ کمزورکیا،منحرف گواہوں کے خلاف کارروائی نہیں کی۔ ٹرائل عدالت نے جے آئی ٹی کی رپورٹ میں ملزموں کے تعین کوبھی نظر انداز کیا۔ درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت سی ٹی ڈی کے 6 ملزم پولیس اہلکاروں کی بریت کے فیصلے کو کالعدم قرار دے۔ انسداد دہشت گردی عدالت نے گواہ منحرف ہونے پر سانحہ ساہیوال کے 6 ملزموں کو بری کر دیا تھا، فیصلے کے بعد وزیراعظم نے ملزموں کی بریت کے خلاف پنجاب حکومت کو اپیل دائر کرنے کی ہدایت کی تھی۔