Monday, May 6, 2024

پنجاب حکومت کی ایک سالہ کارکردگی، ن لیگ نے وائٹ پیپر جاری کر دیا

پنجاب حکومت کی ایک سالہ کارکردگی، ن لیگ نے وائٹ پیپر جاری کر دیا
September 1, 2019
لاہور (92 نیوز) پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن کی جانب سے حکومت کی ایک سالہ کارگردگی رپورٹ پر وائیٹ پیپر جاری کر دیا گیا۔ ترجمان مسلم لیگ ن عظمیٰ بخاری نے کہا ایک سال میں پنجاب کے تین وزیر اطلاعات ، تین آئی جی پنجاب تبدیل کردیے۔ وائیٹ پیپر ن لیگ پنجاب کی ترجمان عظمیٰ بخاری کی جانب سے جاری کیا گیا۔ وائیٹ پیپر  میں حکومت  پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ یہ کیسی حکومت ہے جس کی پالیسی میں کوئی تسلسل نظر نہیں آتا۔ صرف  پنجاب میں پہلے ہی تین ماہ میں تین آئی جی صاحبان کو بدل دیا گیا۔ وائیٹ پیپز کے مطابق وزیر اعلیٰ نے صرف اپنے حلقے میں دو ارب روپے خرچ کر ڈالے لیکن صوبائی دارالحکومت لاہور میں ایک روپیہ بھی خرچ نہیں کیا گیا ۔ یہاں تک کہ حکومت کے اپنے رکن صوبائی اسمبلی اعجاز احمد جازی کے بقول سابقہ دور میں جو انسپکٹر 10ہزار رشوت لیتا تھا  اب وہ  70 ہزار روپے رشوت لے رہا ہے۔ وائیٹ پیپر کے مطابق شہباز شریف کے دور میں خریدے گئے 5 ہزار سے زائد لیپ ٹاپ خراب ہو گئے لیکن مستحق اور ذہین بچوں کو نہیں دیے گئے اور تو اور اسٹریٹ لائٹس اور گٹر کے ڈکن تک خریدنے کے پیسے نہیں لیکن وزیر اعلیٰ اور وزراء کےلئے نئی گاڑیاں خریدی گئی۔ ن لیگ پنجاب کی ترجمان عظمیٰ بخاری کا اس موقع پر کہنا تھا کہ ہمارے دور حکومت میں مستحق فنکاروں کو 20 ہزار ماہانہ وظیقہ دیا جاتا تھا لیکن  موجودہ حکومت نے آرٹسٹ سپورٹ فنڈ بند کرکے انصاف کارڈ کا لالی پاپ  دے دیا۔