Friday, April 19, 2024

پنجاب حکومت کا کاروبار کی بحالی کیلئے پروگرام لانے کا اعلان

پنجاب حکومت کا کاروبار کی بحالی کیلئے پروگرام لانے کا اعلان
July 30, 2020
 اسلام آباد (92 نیوز) پنجاب حکومت نے کاروبار کی بحالی کیلئے پروگرام لانے کا اعلان کر دیا۔ صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال سے ایوان صنعت و تجارت راولپنڈی صبور ملک کی قیادت میں وفد کی ملاقات ہوئی۔ پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن کے دفتر میں ہونے والی ملاقات میں اسمارٹ لاک ڈاؤن اور انڈسٹری کے مسائل پر بات چیت کی گئی۔ صدر راولپنڈی چیمبر کا کہنا تھا راولپنڈی چیمبر ورچوئل ایکسپو کا اہتمام کر رہا ہے جس میں 12 ممالک حصہ لیں گے۔ ایوان صنعت و تجارت راولپنڈی کے صدر کی جانب سے صوبائی وزیر کو ایکسپو میں شرکت کی دعوت بھی دی گئی۔ صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال کا کہنا تھا اسمارٹ لاک ڈاؤن عوام کو کرونا وائرس سے محفوظ رکھنے کے لئے لگایا گیا ہے۔ حکومت کاروبار بند نہیں کرنا چاہتی، کاروبار کی بندش سے معیشت متاثر ہوتی ہے۔ تمام فیصلے اور اقدامات طبی، معاشی ماہرین کی مشاورت سے کیے جارہے ہیں۔ 55 فیصد انڈسٹری کھلی ہے اور 45 فیصد بند ہے۔ کورونا کی صورت حال میں بہتری آنے پر عید کے بعد بہت سے سیکٹر کھول دیں گے ۔ انہوں نے کہا کورونا سے معیشت اور لوگوں کی سوشل لائف بھی متاثر ہوئی ہے ۔ انشاءاللہ جلد مشکل صورتحال سے نکل آئیں گے ۔ حکومت عید کے بعد کرونا سے متاثرہ کاروبار کی بحالی کیلئے بڑا پروگرام لا رہی ہے۔ راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی جانب سے ورچوئل ایکسپو کا انعقاد خوش آیند ہے۔ ایم ڈی پیسک مدثر ریاض ملک بھی ملاقات میں موجود تھے۔