Saturday, May 11, 2024

پنجاب حکومت کا ماہ صیام میں 309 رمضان بازار قائم کرنے کا فیصلہ

پنجاب حکومت کا ماہ صیام میں 309 رمضان بازار قائم کرنے کا فیصلہ
February 11, 2021

لاہور (92 نیوز) پنجاب حکومت نے ماہ صیام میں 309 رمضان بازار قائم کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ سینئر صوبائی وزیرعبدالعلیم خان کی زیرصدارت ویڈیو لنک پر رمضان کمیٹی کا اجلاس ہوا، عبدالعلیم خان کا کہنا تھا رمضان بازاروں میں آٹا کم نرخوں پر فراہم کیا جائے گا۔

وزیر اعلیٰ کی ہدایت کے مطابق ماہ رمضان میں عام آدمی کو ریلیف کی فراہمی کیلئے پنجاب حکومت نے اہم فیصلہ کرلیا۔ فیصلہ رمضان پیکج کیلئے سفارشات تیار کرنے کیلئے قائم کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا۔ اشیاء خورونوش پر سبسڈی کی فراہمی کیلئے مختلف تجاویز پر غور کیا گیا۔

سینئر صوبائی وزیر عبدالعلیم خان نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا، رمضان بازاروں میں آٹا مقررہ قیمت سے بھی کم نرخوں پر فراہم کیا جائے گا۔ پنجاب حکومت نے صوبہ میں گندم و آٹے کی صورتحال کو معمول پر رکھنے کیلئے ہر ممکن قدم اٹھایا ہے۔ وزیر اعظم کی طرف سے گندم درآمد کرنے کا اقدام اس ضمن میں فیصلہ کن ثابت ہوا ہے۔

صوبائی وزیر صنعت میاں اسلم اقبال نے کہا، ماہ مقدس میں عام آدمی کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ تمام شہروں میں 25 شعبان سے 309 رمضان بازار لگائے جائیں گے۔

صوبائی وزیر زراعت حسین جہانیاں گردیزی نے کہا، رمضان پیکج کے تحت آٹا، چینی، سبزیاں رعایتی نرخوں پر دستیاب ہوں گی۔

چیف سیکرٹری کا کہنا تھا، رمضان پیکج کے ثمرات عوام تک پہنچانے کیلئے متعلقہ محکمے محنت سے کام کریں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ رمضان بازاروں میں کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کیا جائے اور غیر ضروری اخراجات سے گریز کیا جائے۔

اجلاس میں محکمہ زراعت، صنعت، لائیو سٹاک، خوراک کے ایڈمنسٹریٹو سیکرٹریز نے شرکت کی۔ ڈائریکٹر فوڈ، ڈی جی پی آر اور کین کمشنر پنجاب نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔