Friday, April 26, 2024

پنجاب حکومت کا عوامی نمائندوں کیلئے 70 نئی گاڑیاں خریدنے کا فیصلہ

پنجاب حکومت کا عوامی نمائندوں کیلئے 70 نئی گاڑیاں خریدنے کا فیصلہ
April 3, 2019

 اسلام آباد (92 نیوز) پنجاب حکومت نے نئی گاڑیاں نہ خریدنے کے اعلان کے باوجود عوامی نمائندوں کیلئے 70 نئی گاڑیاں خریدنے کا فیصلہ کر لیا۔

 بدترین مہنگائی کے ڈسے غریب عوام کے امیر نمائندوں کی ایک اور فرمائش پر پنجاب حکومت نے گھٹنے ٹیک دیئے ۔ وزیراعظم عمران خان کی کفایت شعاری  پالیسی کے بالکل برعکس وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزردار کی ٹیم کیلئے 70 نئی چم چماتی گاڑیاں خریدنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

 ذرائع بتاتے ہیں نئی گاڑیاں پارلیمانی سیکرٹریز کیلئے خریدی جا رہی ہیں جس کیلئے ایس اینڈ جی اے ڈی ٹرانسپورٹ پول نے سمری بھی تیار کرلی ۔ محکمہ خزانہ  پنجاب نے بھی حامی بھرتے ہوئے بتایا کہ کیس آچکا ہے۔ تاہم گاڑیاں خریدنے کا حتمی فیصلہ کفایت شعاری  کمیٹی کی منظوری سے ہو گا۔

 عوامی حلقوں نے حکومت پنجاب کے اس فیصلے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ لوگوں کا کہنا ہے ایک طرف عوام بدترین مہنگائی کا شکار ہیں تو  دوسری طرف عوامی نمائندے اپنی آسائش کیلئے خزانےکا بے دریغ استعمال کررہے ہیں۔  

 اس سے قبل پنجاب حکومت وزیراعلیٰ سمیت ارکان پنجاب  کی تنخواہوں میں خاطر خواہ اضافہ کر چکی ہے تاہم وزیراعظم  کے سخت نوٹس کے بعد ہر طرف خاموش چھا گئی ۔ دیکھنا یہ ہے کہ اس بار حکومتی ٹیم اپنی خواہش پوری کر پائے گی یا وزیر اعظم  نوٹس لے کر پنجاب حکومت کے اس فیصلے کو  ویٹو کردیں گے۔