Monday, May 13, 2024

پنجاب حکومت کا سابق دور میں بنائی گئی غیر ضروری کمپنیاں ختم کرنیکا فیصلہ

پنجاب حکومت کا سابق دور میں بنائی گئی غیر ضروری کمپنیاں ختم کرنیکا فیصلہ
February 3, 2020
اسلام آباد ( 92 نیوز) پنجاب حکومت نے سابق دور میں بنائی گئی غیر ضروری کمپنیوں کو ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا ، ایڈووکیٹ جنرل  نے صوبائی حکومت کے فیصلے سے سپریم کورٹ کو آگاہ کردیا، چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ تمام 56 کمپنیوں کو کیوں بند نہیں کر رہے، کیا پنجاب حکومت اپنے قوانین پر کمپنیوں کے ذریعے عمل کرائے گی،ایسٹ انڈیا کمپنی والا کام شروع کررہے ہیں۔ پنجاب کی 56 کمپنیوں میں بے ضابطگیوں کے  کیس کی  چیف جسٹس پاکستان  گلزار احمد کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے سماعت کی ، دوران سماعت ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے بتایا کہ جن کمپنیوں کی ضرورت نہیں انہیں بند کردیا جائے گا۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ تمام 56 کمپنیوں کو کیوں بند نہیں کر رہے ، کسی زمانے میں ایسٹ انڈیا کمپنی چلا کرتی تھی آخر میں اس کمپنی نے کیا کیا ۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ  پنجاب حکومت کو کافی وقت مل گیا، اب اس مسئلے کو حل کرے ، کچھ لوگوں نے عدالتی حکم کے باجود تنخواہیں اور مراعات واپس نہیں کیں۔ پراسیکیوٹر جنرل نیب نے آگاہ کیا کہ پیسے واپس نہ کرنے والوں کےخلاف ریفرنس دائر کردیئے ہیں ، جس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے کہ یہ کمپنیاں عوام کو ڈلیوری نہیں کرسکیں، جو کام صوبے نے کرنے ہیں وہ حکومت خود کرے۔ ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے عدالت کو آگاہ کیا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے اسٹیئرنگ کمیٹی بنائی ہے، 37کمپنیوں سے عوام کو فائدہ پہنچ رہا ہے ، اس مقدمے میں کچھ آئینی سوالات ہیں ، جس پروہ عدالت کی معاونت کریں گے۔ جسٹس اعجازالاحسن نے کہا کہ پنجاب حکومت پہلے نیب کی رپورٹ کا جائزہ لے کر جواب داخل کرائے۔ عدالت نے کیس کی مزید سماعت ایک ماہ تک ملتوی کردی۔