Saturday, April 20, 2024

پنجاب حکومت کا ریسٹورنٹس کھولنے کی اجازت دینے کا فیصلہ

پنجاب حکومت کا ریسٹورنٹس کھولنے کی اجازت دینے کا فیصلہ
May 28, 2020
 اسلام آباد (92 نیوز) پنجاب حکومت نے ریسٹورنٹس کھولنے کی اجازت دینے کا فیصلہ کر لیا ذرائع کے مطابق پنجاب نے وفاق کو ریسٹورنٹس کھولنے کی سفارش کر دی۔ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر سینئر صوبائی وزیر عبدالعلیم خان کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی انسداد کورونا کا ویڈیو لنک اجلاس ہوا۔ ویڈیو لنک اجلاس  میں فیصلہ کیا گیا کہ پنجاب میں مارکیٹوں ،شاپنگ مالز کو ہفتے میں چار دن کام کی اجازت ہو گی اور اوقات کار صبح نوسے شام پانچ بجے ہوں گے۔ سینئر وزیر عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ ذمہ دارانہ طرز عمل کا مظاہرہ ہوا تو بتدریج پابندیاں نرم کرنے پر غورکریں گے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ صوبہ بھر میں ٹرانسپورٹ کے کرائے کم کرانے کے فیصلے پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ اجلاس میں بریفنگ دی گئی کہ مری اور دیگر سیاحتی مقامات کو کھولنے کا فیصلہ بھی نیشنل کمانڈ اینڈآپریشن سنٹرکرے گا۔ محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ اور محکمہ اسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر کو مجموعی طور پر ساڑھے 11 ارب کا کورونا بجٹ دیا گیا۔ اجلاس میں اربن یونٹ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر خالد شیر دل کے ایصال ثواب کے لئے دعائے مغفرت بھی کی گئی۔ صوبائی وزراء راجہ بشارت، ڈاکٹر یاسمین راشد، میاں اسلم اقبال، چیف سیکرٹری،انسپکٹر جنرل پولیس اور دیگر سینئر افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔