Thursday, April 25, 2024

پنجاب حکومت کا رمضان بازاروں کی سبسڈی بجلی کے بلوں پر منتقل کرنے پر غور

پنجاب حکومت کا رمضان بازاروں کی سبسڈی بجلی کے بلوں پر منتقل کرنے پر غور
April 15, 2020
 لاہور (92 نیوز) پنجاب حکومت نے رمضان بازاروں کی سبسڈی بجلی کے بلوں پر منتقل کرنے پر غور شروع کر دیا۔ مراسلے کے مطابق کورونا وائرس کے پیش نظر رمضان بازار نہیں لگ سکیں گے۔ حکومت نے بجلی کمپنیوں سے 1500، 2000 اور 3000 تک ماہانہ بجلی استعمال کرنیوالے صارفین کی تفصیلات طلب کر لیں۔ دوسری جانب کورونا وائرس اور لاک ڈاؤن سے متعلق پنجاب حکومت کے اہم فیصلے سامنے آ گئے۔ پنجاب میں جاری لاک ڈاؤن میں پچیس اپریل کی رات بارہ بجے تک توسیع کر دی گئی۔ چیف سیکرٹری کی زیر صدارت اجلاس میں کمشنر لاہور ڈویژن ، سی سی پی او متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ آئی جی پنجاب شعیب دستگیر، ڈویژنل کمشنرز اور آرپی اوز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔ اجلاس میں کیمیکلزانڈسٹری، آئی ٹی کمپنیاں، پلمبر، کارپینٹر، الیکٹریشن، ٹیلر شاپس، ویٹرنری سروسز، رئیل اسٹیٹ اور پراپرٹی ڈیلروں کے دفاتر کھولنے کا فیصلہ کیا گیا۔ سٹیشنری و کتب کی دکانیں، شیشہ سازی کے یونٹس، پیپر اینڈ پیکیجنگ، پودوں کی نرسریاں پابندی سے مستثنیٰ ہونگی۔ آرکیٹیکٹس اور انجینئرز کی سروسز، سڑکوں کی تعمیرات شروع کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ جن شعبوں، صنعتوں کو پہلے ہی پابندی سے مستثنیٰ قرار دیا جا چکا ہے وہ طے کئے گئے ایس او پیز کے مطابق کام کرتے رہیں گے جبکہ پبلک ٹرانسپورٹ پر پابندی برقرار رہے گی۔ لیبر اور دیگر افراد کو آمد و رفت کیلئے پرائیویٹ ذریعہ کا انتظام کرنا ہو گا۔