Wednesday, May 1, 2024

پنجاب حکومت کا بارشی پانی کے زیر زمین ذخیرہ منصوبہ کا دائرہ کاربڑھانے کا فیصلہ

پنجاب حکومت کا بارشی پانی کے زیر زمین ذخیرہ منصوبہ کا دائرہ کاربڑھانے  کا فیصلہ
July 30, 2020

لاہور ( 92 نیوز) پنجاب حکومت نے  بارشی پانی کے زیر زمین ذخیرہ منصوبہ کا دائرہ کار بڑھانے کا فیصلہ کرلیا، بارشی پانی کا زیر زمین ذخیرہ منصوبہ دیگر شہروں میں بھی شروع کرنے کی منظوری دے دی۔

وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ لاہور کے ساتھ پنجاب کے بڑے شہروں میں بارش کے پانی کو ذخیرہ کرنے کیلئے زیر زمین  ٹینک بنائے جائیں گے، ذخیرہ کئے گئے پانی کو ہارٹیکلچر کیلئے استعمال کیا جائے گا، بارشی پانی کو صاف کرکے پینے کے قابل بھی بنایا جا سکے گا۔

سردار عثمان بزدار نے کہا کہ لاہور میں 14 لاکھ گیلن پانی ذخیرہ کرنے کیلئے انڈر گراؤنڈ اسٹوریج ٹینک بنایا ہے، لیرک کالونی سے گلشن راوی تک نئی سیوریج لائن بچھائی جائے گی، اس منصوبے پر 14 ارب روپے لاگت کا تخمینہ لگایا گیا ہے، لاہور میں سرفیس واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کیلئے کام کر رہے ہیں ، منصوبے پر تقریباً 21 ارب روپے خرچ ہوں گے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام کے تحت گھروں کی تعمیر کے منصوبے کو جلد شروع کیا جائے،  اس ضمن میں نجی شعبے کو ہر ضروری سہولت فراہم کی جائے گی ، آب پاک اتھارٹی کے تحت پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے منصوبے کو تیزی سے آگے بڑھایا جائے، پینے کا صاف پانی ہر شہری کا بنیادی حق ہے جو اسے واپس کرنا ہے، آب پاک اتھارٹی کیلئے تقریباً 6 ارب روپے رکھے گئے ہیں۔