Friday, April 26, 2024

پنجاب حکومت پاکستان سپر لیگ کے فائنل بارے فیصلہ نہ کرسکی

پنجاب حکومت پاکستان سپر لیگ کے فائنل بارے فیصلہ نہ کرسکی
February 27, 2017

لاہور (92نیوز) پی ایس ایل کا فائنل کہاں ہوگا، صوبائی حکومت حتمی فیصلہ نہ کرسکی، وزیراعلیٰ پنجاب کی زیرصدارت اہم اجلاس طلب، پی ایس ایل اور امن و امان کی صورتحال پر بات ہوگی، انٹیلی جنس اداروں کے نمائندے رپورٹس پیش کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلی کی زیرصدارت امن و امان کی صورتحال پر اجلاس طلب کر لیا گیا جس میں پی ایس ایل کے لاہور میں ممکنہ انعقاد کے حوالے سے متوقع صورتحال پر غور کیا جائے گا۔ وزیراعلی کو پی ایس ایل فائنل کی سکیورٹی کے حوالے سے بریفنگ بھی دی جائے گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعلی پنجاب کو قذافی سٹیڈیم، ہوٹل، کھلاڑیوں کو لانے کے روٹ اور غیرملکی کھلاڑیوں کی سکیورٹی کے حوالے سے بھی بریفنگ دی جائے گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ آج کا اجلاس لاہور میں پی ایس ایل کے فائنل کے انعقاد کے حوالے سے حتمی ثابت ہو سکتا ہے کیونکہ وزیراعظم کی جانب سے بھی پی ایس ایل کا فائنل لاہور میں کرائے جانے کا اشارہ دیا جا چکا ہے۔