Wednesday, April 24, 2024

پنجاب حکومت نے ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کو 11 ارب روپے کے فنڈز جاری کردیئے

پنجاب حکومت نے ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کو 11 ارب روپے کے فنڈز جاری کردیئے
March 24, 2020
لاہور (92 نیوز) پنجاب حکومت نے کورونا سے نمٹنے کے لیے ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کو 11 ارب روپے کے فنڈز جاری کردیئے، وزیراعلیٰ پنجاب نے ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کو آلات کی خریداری فوری مکمل کرنے کی ہدایات جاری کردیں۔ وزیر اعلیٰ اور پنجاب کابینہ نے ایک ماہ کی تنخواہ کورونا فنڈ میں دینے کا اعلان کردیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ بیت المال کے فنڈز فوری ریلیز کر رہے ہیں، اسکولوں میں چھٹیوں کیلئے کمیٹی بنا دی ہے، پنجاب کابینہ نے 10 ہزارڈاکٹرز، پیرامیڈیکل اسٹاف کی بھرتی کی منظوری دے دی ہے۔ عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ بلدیاتی الیکشن کو 9 ماہ کیلئے ملتوی کر رہے ہیں، وفاق کو رمضان سے پہلے زکوۃ کٹوتی کی درخواست کی ہے تاکہ مستحق افراد کو پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ میں نے اور پنجاب کابینہ نے ایک ماہ کی تنخواہ کورونا فنڈز کیلئے مختص کردی ہے، تمام مساجد کے لیے بھی ایس او پیز جاری کردیئے گئے ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب کہتے ہیں ملک میں ایمرجنسی کی صورتحال ہے، ایمرجنسی کی صورتحال میں کورونا سے لڑنے کیلئے پوری طرح تیار ہیں، محکمہ صحت کو جس چیز کی بھی ضرورت ہے اس کے لیے ہم نے فنڈز مختص کردیئے ہیں، خوف کی کوئی بات نہیں، کورونا سے لڑیں گے اور اسے شکست دیں گے۔ عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ یہ مکمل لاک ڈاؤن یا کرفیو نہیں ہے، جزوی لاک ڈاؤن کسی پر لاگو ہورہا ہے اور کسی پر نہیں ہورہا، ہم نے غریب عوام کا بھی خیال رکھنا ہے، ہم نے کمشنرز کو پاور دے دی ہے، وہ اس میں اپنے طور پر بھی ترمیم کرسکتے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ کورونا سے نمٹنے کے لیے ہمیں بہت اہم اقدامات کرنا پڑیں گے، کورونا کے حوالے سے نیا آرڈیننس لا رہے ہیں، اس آرڈیننس کے بعد محکمہ صحت جس طرح کے اقدامات لینا چاہے لے سکے گا، بلوچستان کو ایک ارب روپے امداد دینے کی توثیق کی گئی، بلدیاتی الیکشن 9 ماہ کے لیے ملتوی کرنے کا آرڈیننس لا رہے ہیں۔