Friday, April 26, 2024

پنجاب حکومت نے صلاح الدین کا دوبارہ پوسٹ مارٹم کیلئے ورثا کا مطالبہ مان لیا

پنجاب حکومت نے صلاح الدین کا دوبارہ پوسٹ مارٹم کیلئے ورثا کا مطالبہ مان لیا
September 8, 2019
 لاہور (92 نیوز) پنجاب حکومت نے پولیس حراست میں ہلاک صلاح الدین کا دوبارہ پوسٹ مارٹم کیلئے ورثا کا مطالبہ مان لیا۔ گزشتہ روز پولیس حراست میں ہلاک صلاح الدین کے والد اور اہل خانہ کی وزیر اعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار سے ملاقات ہوئی تھی ۔ صلاح الدین کے والد نے وزیر اعلیٰ پنجاب کے سامنے آٹھ مطالبات رکھ دیئے تھے ۔ صلاح الدین کے والد محمد افضال نے  پولیس پر عدم اعتماد کا اظہار کر دیا تھا ۔ انہوں نے مطالبہ کیا تھا کہ  صلاح الدین جیسے بے گناہوں کو بچانے کے لئے پولیس نظام میں اصلاحات کی جائیں۔ والد محمد افضال کا کہنا تھا صلاح الدین کی قبر کشائی کی جائے تاکہ دوبارہ پوسٹ مارٹم کرکے حقائق سامنے لائے جا سکیں، قتل میں ملوث ایس پی حبیب کو معطل کیا جائے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار نے یقین دہانی کرائی تھی کہ انصاف کی فراہمی کیلئے پنجاب حکومت متاثرہ خاندان کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا تھا کہ انکوائری کا حکم دے دیا، قصورواروں کو کیے کی کڑی سزا ملے گی۔ صلاح الدین کے والد محمد افضال نے کہا تھا کہ پولیس تشدد کا شکار ہونے والے تمام بے گناہوں کو انصاف دلانا چاہتا ہوں۔ ملاقات کے دوران وزیر اعلی پنجاب نے صلاح الدین کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی بھی کروائی تھی۔