Saturday, May 18, 2024

پنجاب حکومت نے جوڈیشل کمیشن کی تشکیل کیلئے ہائیکورٹ کو دی گئی درخواست واپس لےلی

پنجاب حکومت نے جوڈیشل کمیشن کی تشکیل کیلئے ہائیکورٹ کو دی گئی درخواست واپس لےلی
May 26, 2015
لاہور(92نیوز)پنجاب حکومت نے ڈسکہ میں وکلا کی ہلاکت کی تحقیقات کیلئے جوڈیشل کمیشن کی تشکیل کیلئے ہائیکورٹ کودی گئی  درخواست واپس لے لی۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت نے ڈسکہ میں پولیس کی فائرنگ سے دو وکلاءکی ہلاکت کی تحقیقات کے لیے لاہور ہائی کورٹ کو جوڈیشل کمیشن کی تشکیل کے لیے دی گئی درخواست واپس لے لی۔ گزشتہ روز ڈسکہ میں پولیس کی فائرنگ سے دو وکلاءکو موت کے گھاٹ اتار دیا گیا تھا،واقعہ کی انکوائری کے لیے پنجاب حکومت نے لاہور ہائی کورٹ سے جوڈیشل کمیشن کے قیام کے لیے درخواست دی تاہم بعد میں درخواست واپس لینے کی استدعا کر دی۔ صوبائی حکومت نے لاہور ہائی کورٹ کو مراسلہ کے ذریعے آگاہ کیا کہ تھانہ سٹی ڈسکہ میں تعزیرات پاکستان کی دفعات اور انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت ملزمان کے خلاف مقدمہ درج ہو گیا ہے،معاملے کی تحقیقات اور مقدمہ کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے نمائندوں پر مشتمل جوائنٹ انوسٹی گیشن ٹیم بھی تشکیل دی جا چکی ہے جس نے اپنی کارروائی شروع کر دی ہے۔ اس صورت حال میں پنجاب حکومت جوڈیشل کمیشن تشکیل دینے کی درخواست واپس لینا چاہتی ہے جس پر لاہور ہائی کورٹ نے پنجاب حکومت کو درخواست واپس لینے کی اجازت دے دی۔ قبل ازیں لاہورہائیکورٹ بار کے صدر پیر مسعود چشتی نے بھی جوڈیشل کمیشن کی پیشکش کو مسترد کردیا تھا۔