Wednesday, April 24, 2024

پنجاب حکومت نے اورنج لائن ٹرین سے متعلق پیشرفت سے آگاہ کردیا

پنجاب حکومت نے اورنج لائن ٹرین سے متعلق پیشرفت سے آگاہ کردیا
June 13, 2019
اسلام آباد ( 92 نیوز) اورنج لائن ٹرین منصوبے کا سول ورک مکمل کر لیا گیا جب کہ  نئے پراجیکٹ ڈائریکٹر کےلیے اشتہار جاری کر دیا گیا ،  پنجاب حکومت نے سپریم کورٹ کو آگاہ کردیا۔ عدالت نے ہرٹھیکیدار کو ایک کروڑ روپے کی بینک گارنٹی واپس کرنے کا حکم دے دیا۔ جسٹس شیخ عظمت سعید کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے اورنج لائن میٹرو ٹرین کیس کی سماعت کی، دوران سماعت پنجاب حکومت کے وکیل نے بتایا کہ منصوبے کا سول ورک مکمل ہوچکا، نئے پراجیکٹ ڈائریکٹر کےلیے اشتہارجاری کردیا ہے۔ جسٹس اعجازالاحسن نے استفسارکیا کہ کیا تینوں ٹھیکیداروں نے مقررہ وقت پرکام مکمل کیا؟، نومبر تک ٹرین چلنی ہے۔ پراجیکٹ ڈائریکٹر فضل حلیم نے بتایا کہ کام تقریباً مکمل ہوچکا ہے،  ٹھیکیداروں نے رہ جانے والے کام کو وقت پرمکمل کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ نجی کمپنی کے وکیل نعیم بخاری کا کہنا تھا کہ 20 مئی کو عدالتی حکم کے مطابق سول ورک مکمل کیا، ان کے موکل کے ساتھ کچھ زیادتیاں ہوئی ہیں، پیسے کم دیے گئے ، کام مکمل کرلیا اب بینک گارنٹی بھی واپس کی جائے۔ عدالت نے نئے پراجیکٹ ڈائریکٹر کی تعیناتی تک فضل حلیم کو کام جاری رکھنے کی ہدایت کرتےہوئے ہر ٹھیکیدار کو ایک کروڑ روپے کی بینک گارنٹی واپس کرنے کا حکم دے دیا۔ کیس کی دوبارہ سماعت گرمیوں کی چھٹیوں کےبعد ہوگی۔