Thursday, April 18, 2024

پنجاب حکومت نے آئی جی جیل کو کوئی خط نہیں لکھا ، شہباز گل

پنجاب حکومت نے آئی جی جیل کو کوئی خط نہیں لکھا ، شہباز گل
July 27, 2019
لاہور ( 92 نیوز) وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے ترجمان شہباز گل نے شہباز شریف کے خط  پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف غلط بیانی سے کام لے رہے ہیں، پنجاب حکومت کی جانب سے آئی جی جیل کو کوئی خط نہیں لکھا گیا۔ شہباز گل نے کہا کہ  من گھڑت اور خودساختہ خبروں سے عوام کو گمراہ نہ کریں ، نواز شریف کے معاملے پر کوئی احکامات جاری نہیں کئے گئے، پاکستان تحریک انصاف کی حکومت قانون کی حکمرانی پر یقین رکھتی ہے۔ ترجمان وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ  سزا یافتہ قیدیوں کے تمام فیصلے قانون اور جیل مینول کے مطابق کئے جائیں گے۔ اس سے قبل اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی شہبازشریف نے حکام بالا کو خط تحریر کیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ نواز شریف کے سیل سے اے سی اتارنا پنجاب حکومت کے میڈیکل بورڈ کی سفارشات کی خلاف ورزی ہے، میڈیکل بورڈ کی سب سے پہلی سفارشی یہی ہے کہ نواز شریف کو مناسب درجہ حرارت والے کمرے میں رکھا جائے،مناسب درجہ حرارت میں نہ رکھنے سے نوازشریف کے گردے فیل ہوسکتے ہیں۔ شہباز شریف کی  جانب سے لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ میڈیکل بورڈ کی سفارشات پر ان کی روح کے مطابق عمل کیا جائےتین مرتبہ کے منتخب وزیر اعظم کو سیاسی دباؤ کی بناء پر ان کے قانونی اور جائز حقوق سے محروم نہ کیا جائے خط کی کاپیاں چیف جسٹس سپریم کورٹ،چیف جسٹس لاہورہائیکورٹ  کوبھی ارسال کی گئی ہیں۔