Saturday, April 20, 2024

پنجاب حکومت جلسہ گاہ کو ڈیم بنا رہی ہے ، مولانا فضل الرحمٰن

پنجاب حکومت جلسہ گاہ کو ڈیم بنا رہی ہے ، مولانا فضل الرحمٰن
December 9, 2020

لاہور (92 نیوز) پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے کہا پنجاب حکومت جلسہ گاہ کو ڈیم بنا رہی ہے لیکن اپوزیشن کا جلسے کا فیصلہ اٹل ہے۔

پی ڈی ایم قیادت سے اہم ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں مولانا فضل الرحمٰن نے کہا حکومت چاہتی ہے وہاں جلسہ نہ ہو سکے۔ ساتھ ہی حکومت کہتی ہے ہم جلسہ نہیں روکیں گے۔ ہم نے طے کیا ہے ہر حال میں جلسہ ہو کر رہے گا۔ ملک بھر سے لوگ جلسے میں آئیں گے اور تاریخی جلسہ ہو گا۔ حکومت نے اگر ایک راستہ روکا تو ہم نے دوسرا راستہ بنانا ہے۔ انہوں نے دوسرا راستہ روکا تو ہم نے تیسرا راستہ بنانا ہے۔ چہ میگوئیاں ہوتی رہتی ہیں۔ چہ میگوئیاں بھی تحریک کو تقویت پہنچاتی ہیں۔ ٹیئرنگ کمیٹی میں اگلے تمام مراحل کی حکمت عملی ترتیب دی جائے گی۔ یہ بھی طے کیا جائے گا کہ ہم نے کب استعفے ان کے سر پر دے مارنے ہیں۔

مولانا فضل الرحمٰن کا کہنا تھا ہم اس حکومت کو عوام کی نمائندہ اور آئینی تسلیم نہیں کرتے۔ اسٹیبلشمنٹ اس حکومت کی محافظ بنی ہوئی ہے۔ جب اسٹیبلشمنٹ اس طرح کی حکومت کی محافظ بنے گی تو نظام کو کس طرح بہتر بنایا جاسکتا ہے۔ ان اسمبلیوں کے تحت سینیٹ کے الیکشن ہوئے تو وہ جعلی ہوں گے۔ اس حوالے سے بھی ہم حکمت عملی بنا رہے ہیں۔

بلاول بھٹو بولے عمران خان حکومت کو گھر بھیجنے کیلئے ہر ہتھیار استعمال کیا جائیگا۔ ہم سب مل کر عمران خان اور اس کے سہولت کاروں کو گھر بھیجنے کے لیے نکلے ہیں۔ پی ڈی ایم کی تمام جماعتیں ایک پیج پر ہیں۔ ہم نے پہلے ہی کہا تھا ہم تمام آئینی آپشنز استعمال کریں گے اور استعفے بھی اس میں شامل ہیں۔ انہوں نے کہا ہم پارٹی کی میٹنگ بلا رہے ہیں جس میں اعتزاز احسن سمیت تمام سینئر ممبران کو بلائیں گے۔ پارٹی کا جو بھی فیصلہ ہو گا وہ اعتزاز احسن کا بھی اتنا ہی ہو گا جتنا میرا ہو گا۔

مریم نواز نے کہا کل مولانا فضل الرحمٰن نے تفصیل سے بتا دیا تھا کہ تمام ارکان پارٹی قائدین کو اپنے استعفے جمع کرا دیں گے۔ مینار پاکستان گراؤنڈ میں پانی لگائے جانے کے باوجود 13 دسمبر کو جلسہ ہو کر رہے گا۔