Saturday, April 27, 2024

پنجاب حکومت اور کسان اتحاد کے درمیان مذاکرات کامیاب

پنجاب حکومت اور کسان اتحاد کے درمیان مذاکرات کامیاب
March 26, 2015
لاہور(92نیوز)پنجاب حکومت اور پاکستان کسان اتحاد کے درمیان مذاکرات کامیاب ہو گئے ۔ رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ مطالبات منظور کر لیے ہیں جس کے حوالے سے ٹائم فریم بھی طے کر لیا گیا ہے۔ مینار پاکستان پر کنونشن کے لیے آنے والے کسانوں کو ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ٹھوکرنیاز بیگ پر ہی روک لیا گیا ۔ جس پر کسانوں نے احتجاج کرتے ہوئے وہیں دھرنا دیدیا۔ مظاہرین نے کہا کہ حکومت کہتی کچھ اور کرتی کچھ اور ہےبعد ازاں ضلعی انتظامیہ اور کسان رہنماﺅں کے درمیان تین گھنٹے مذاکرات ہوئے لیکن ناکام رہے۔ جس کے بعد ڈی سی او کیپٹن ریٹایرڈ عثمان کسان رہنماوں کو ساتھ لیکر ایم این اے حمزہ شہباز کے پاس پہنچ گئے جنھوں نے کسانوں کے تمام مطالبات تسلیم کر لئے۔ کامیاب مذاکرات کا اعلان سابق وزیر قانون پنجاب رانا ثنا اللہ نے کیا ،انھوں نے کہا کہ حکومت تمام معاملوں میں کسانوں کواعتماد میں لے گی۔ مذاکرات سے قبل احتجاج کرنے والے کسانوں نے بجلی کی قیمتوں میں اضافے اور زرعی اجناس کی قیمتوں کی ادائیگی کے حوالے سے پیش آنےوالی مشکلات پر حکومت سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیاہے۔ کسانوں نے مطالبات پورے ہونے کی حکومتی  یقین دہانی پر احتجاج ختم کر دیا تاہم خبردار کیا کہ اگر حکومت اپنی بات پر قائم نہ رہی تو واپس سڑکوں پر ہونگے ۔