Sunday, May 19, 2024

پنجاب حکومت اور اپوزیشن لوکل گورنمنٹ آرڈیننس پر متفقہ قانون سازی پر مل بیٹھنے کو تیار

پنجاب حکومت اور اپوزیشن لوکل گورنمنٹ آرڈیننس پر متفقہ قانون سازی پر مل بیٹھنے کو تیار
December 28, 2021 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) لوکل گورنمنٹ آرڈیننس پر پنجاب اسمبلی میں بڑی پیش رفت سامنے آگئی، حکومت اور اپوزیشن لوکل گورنمنٹ آرڈیننس پر متفقہ قانون سازی پر مل بیٹھنے کو تیار ہوگئی۔

پنجاب اسمبلی کا اجلاس حسب روایت دو گھنٹے چھتیس منٹ کی تاخیر سے اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الہی کی زیر صدارت شروع ہوا، لوگل گورنمنٹ آرڈیننس پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا لیگی رکن اسمبلی سمیع اللہ خاں کا کہنا تھا ہم نہیں چاہتے بلدیاتی بل کے معاملے پر پنجاب میں بھی سندھ اسمبلی کی طرح تماشہ نہ ہو، اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز کی خواہش ہے بلدیاتی بل کے معاملے پر تمام سیاسی جماعتوں، اسٹیک ہولڈر اورسول سوسائٹی کو شامل کیا جائے۔

اس پر چودھری پرویز الہی کا کہنا تھا اپوزیشن کی مثبت تجویز کا خیر مقدم کرتے ہیں، انہوں نے قائمہ کمیٹی برائے بلدیات میں توسیع کرتے ہوئے اپوزیشن سے نام مانگ لیے۔

پنجاب اسمبلی نے کام کی جگہ پر خواتین کو ہراسگی سے بچانے اور پنجاب پناہ گاہ اتھارٹی دو ہزار اکیس کے ترمیمی بل کثرت رائے سے منظور کر لیے۔

اجلاس میں پی پی دو سو چھ خانیوال سے نو منتخب رکن اسمبلی رانا سلیم نے عہدے کا حلف اٹھایا۔

صوبائی وزیر زراعت حسین گردیزی نے ایوان کو بتایا کہ پنجاب کو یوریا کھاد کا مکمل کوٹہ نہیں مل رہا جس بارے میں وفاقی حکومت کو آگاہ کر دیا ہے۔