Sunday, May 12, 2024

پنجاب بھر میں پہلے 3 دن میں 32 بچے کورونا وائرس کا شکار

پنجاب بھر میں پہلے 3 دن میں 32 بچے کورونا وائرس کا شکار
September 18, 2020
لاہور (92 نیوز) پنجاب بھر میں اسکولز کھلنے کے پہلے 3 دن میں 32 بچے کورونا وائرس کا شکار ہوگئے۔ ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کے مطابق گوجرانوالہ میں 24، ننکانہ صاحب میں 7 بچوں میں کورونا وائرس کی تصدیق، جبکہ بھکر میں ایک بچہ اور ایک اسکول ملازم، لودھراں میں بھی ایک اسکول ملازم کورونا کا شکارہوگیا۔ صوبائی وزیر اسکولز ایجوکیشن پنجاب ڈاکٹرمراد راس کا کہنا ہے کہ جس سکول میں بھی کیس نکلا سکول کو بند کردیا جائے گا، ایک بھی بچے میں کورونا نکلنے پر اسکول بند کرکے رینڈم ٹیسٹنگ کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ والدین بچوں کو ماسک پہنا کر اسکول بھیجیں، نجی اسکولز کو دیکھنا ہے کہ ایس اوپیز پر عمل درآمد ہو، سب نے مل کر کورونا کے خلاف اپنا کردار ادا کرنا ہے۔ جو بھی ایس اوپیز پرعمل نہیں کرے گا وہ اپنے سکول کو ہی نہیں پورے علاقے کو خطرے میں ڈالے گا۔ صوبائی وزیر اسکولز ایجوکیشن پنجاب کا کہنا ہے کہ کورونا ابھی ختم نہیں ہوا، اسکولز کھولنے کا مطلب یہ نہیں کہ کورونا ختم ہوگیا ہے، کورونا کے حوالے سے پوری طرح احتیاط کرنا بہت ضروری ہے، کل وہاڑی کا دورہ کیا تو دیکھا وہاں 100 فیصد ایس اوپیز پر عمل کیا جا رہا تھا۔ ڈاکٹرمرادراس بولے کہ اسکولز کھولنے کی کوئی بھی تاریخ حتمی نہیں، تاریخ کو آگے پیچھے کیا جاسکتا ہے، میرے خیال میں سندھ والوں نے بہت جلدی فیصلہ کرلیا ہے، ہم روزانہ کی بنیاد پر کورونا کی صورتحال دیکھ رہے ہیں۔ میں سرکاری اسکولوں کا بھی دورہ کررہا ہوں، ایک بینچ پر دو بچے بیٹھے ہیں اور درمیان میں دو سے تین فٹ کا فاصلہ ہے، بچوں نے اسکولوں میں ماسک بھی پہن رکھے ہیں، سرکاری اسکولوں میں ٹیچرز بھی بہت اچھی طرح ہینڈل کررہے ہیں۔