Saturday, April 27, 2024

پنجاب بھر میں میڑک کے نتائج کا اعلان ، کامیابی کا تناسب 75 فیصد رہا

پنجاب بھر میں میڑک کے نتائج کا اعلان ، کامیابی کا تناسب 75 فیصد رہا
July 15, 2019
لاہور ( 92 نیوز) پنجاب بھر میں تعلیمی بورڈز نے میٹرک کے نتائج کا اعلان کردیا،مجموعی طور پر کامیابی کا تناسب 75فیصد سے زائد رہا،پوزیشن ہولڈرز میں لڑکیوں نے ایک بار پھر لڑکوں کو مات دے دی،پوزیشن لینے والے طلباء و طالبات میں انعامات تقسیم کئے گئے۔ طالب علم کی زندگی میں کامیابی کی پہلی سیڑھی میٹرک کے نتائج کا اعلان ہوگیا ۔  پنجاب بھر میں طلباء کی کامیابی کا مجموعی تناسب 75فیصد سے زائد رہا،تمام بورڈز میں زیادہ تر پوزیشنیں لڑکیاں لے اڑیں،بورڈ حکام نے طلبہ و طالبات میں انعامات اور میڈلز تقسیم کئے۔ پہلی پوزیشن لینے والے طلباء کو گولڈ میڈل،نقدی اور سرٹیفکیٹ دیا گیا، دوسری پوزیشن لینے پرسلور میڈل،نقدی اور سرٹیفکیٹ جبکہ تیسری پوزیشن لینے والے کو برونز میڈل کے ساتھ ساتھ نقدی اور سرٹیفکیٹ دیا گیا۔ سرکاری اسکولوں کے طلباء اس بار بھی اہم پوزیشنیں لینے میں ناکام رہے تاہم گورنمنٹ ہائی اسکول شاہ کوٹ کے طالب علم حسن اکبر نے لاہور بورڈ میں تیسری پوزیشن حاصل کرلی۔ حسن ابدال کیڈٹ کالج کے طلباء نے راولپنڈی بورڈ کی تینوں پوزیشنیں اپنے نام کیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے نمایاں پوزیشن لینے والے طلبہ و طالبات کو مبارکباد دی اور کہا ملک کا مستقبل ایسے ہی محنتی طالب علموں سے جڑا ہوا ہے۔