Tuesday, April 23, 2024

پنجاب بھر میں سخت لاک ڈاؤن، خلاف ورزی پر پولیس اور تاجروں میں جھڑپیں

پنجاب بھر میں سخت لاک ڈاؤن، خلاف ورزی پر پولیس اور تاجروں میں جھڑپیں
July 28, 2020

لاہور ( 92 نیوز) عیدالاضحیٰ پر کورونا کا پھیلاؤ روکنے کیلئے پنجاب میں آج سے5اگست تک لاک ڈاؤن نافذ  ہے ، تاجروں نےحکومتی احکامات ہوا میں اڑا دیے ، لاہور کی اعظم کلاتھ مارکیٹ میں تاجروں کی دکانیں کھولنے کی کوشش کی  جس پر  پولیس سے جھڑپ ہو گئی ۔

پنجاب کے تاجروں کی ہٹ دھرمی،لاک ڈاؤن کے باوجود دکانیں کھولنے کی کوششیں، پولیس نے خلاف ورزیوں پر ایکشن لیتے ہوئے کھلی دکانیں بندکروادیں، جڑواں شہروں راولپنڈی اسلام آباد میں مارکیٹیں بند دکھائی دے رہیں۔

فیصل آباد کے اکثریتی تاجروں نے لاک ڈاؤن کا فیصلہ مسترد  کر دیا جس کے باعث پولیس کو ایکشن لینا پڑا، ریل بازار میں اہلکاروں  نے کھلی دکانوں بندکرادیں۔

 فیصل آباد میں دکانیں کھولنے پر 4 تاجر گرفتار ہوئے ، ساتھیوں نے اسسٹنٹ کمشنر کی گاڑی کا گھیراؤ  کرکے چاروں کو چھڑوا لیا، ریل بازار میں  پولیس اہلکاروں نے تاجروں پر لاٹھی چارج  کیا۔

ملتان میں تاجر   دو دھڑوں میں بٹے ہیں اور ایک دھڑا اب بھی دکانیں کھولنے  کا اصرار کر رہا ہے۔ ملتان اورحافظ آباد میں بھی تاجروں نے احتجاج کیا اور نعرے بازی کی ۔

  لاہور  میں  چھوٹی بڑی مارکیٹیں  بند ہیں جبکہ لاہور کی  اعظم مارکیٹ میں پولیس اور تاجر بھی آمنے سامنے دکھائی دیے۔