Saturday, April 27, 2024

پنجاب بھر میں آج سے ڈپٹی کمشنر نظام بحال ہوگیا

پنجاب بھر میں آج سے ڈپٹی کمشنر نظام بحال ہوگیا
January 2, 2017

لاہور (92نیوز) پنجاب میں ڈی سی او کا عہدہ ختم ہونے کے بعد ڈپٹی کمشنر کا عہدہ قائم ہو گیا۔ پنجاب حکومت نے عارضی طور پر مالی معاملات چلانے کے لیے ایک ارب اٹھارہ کروڑ روپے جاری کر دیے۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب میں سولہ سال بعد جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کا قائم کردہ ضلعی نظام کے تحت ڈی سی او کا عہدہ ختم کرکے ڈپٹی کمشنر کا عہدہ بحال کردیا گیا جبکہ ڈپٹی کمشنر نے باضابطہ کام بھی شروع کردیا ہے۔

حکومت کی کوششوں کے باوجود ڈپٹی کمشنر کے سابقہ اختیارات تو بحال نہ ہوسکے تاہم عہدے کے ساتھ ڈی سی ضرور لگ گیا ہے۔ ماضی میں ڈپٹی کمشنر کے ماتحت پولیس ہوتی تھی جس سے وہ ضلع کا ایک مضبوط ترین افسر سمجھا جاتا تھا مگر پرویز مشرف دور میں پولیس کو ڈی سی او کی ماتحتی سے نکال کر خودمختار کردیا گیا تھا۔

اب جب ڈپٹی کمشنر کا عہدہ بحال کیا جارہا تھا تو بیوروکریسی نے کافی کوششیں کیں کہ ماضی کے اختیارات مل سکیں۔ پنجاب حکومت نے سول ایڈمنسٹریشن آرڈیننس 2016 کے تحت ڈپٹی کمشنر کا عہدہ قائم کیا ہے۔

دوسری طرف بلدیاتی اداروں کے مالی معاملات بہتر طریقے سے چلانے کے لیے عارضی طور پر محکمہ خزانہ پنجاب نے ایک ارب 18 کروڑ روپے کے فنڈز جاری کردیئے ہیں۔