Sunday, September 8, 2024

'پنجاب : ایکسپائر ادویات خناق میں مبتلا بچوں کیلئے موت کا پیغام بنیں'

'پنجاب : ایکسپائر ادویات خناق میں مبتلا بچوں کیلئے موت کا پیغام بنیں'
January 11, 2016
لاہور (92نیوز) پنجاب میں خناق سے بچوں کی ہلاکتوں پر بننے والی تحقیقاتی ٹیم کی رپورٹ منظرعام پر آ گئی۔ تفصیلات کے مطابق تحقیقاتی کمیٹی نے وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کو پنجاب میں خناق سے بچوں کی ہلاکتوں بارے رپورٹ پیش کر دی ہے۔ تحقیقاتی رپورٹ میں محکمہ صحت کے سابق اور موجودہ 6 افسروں کو ذمہ دار قرار دیا گیا ہے۔ سابق ڈی جی ہیلتھ زاہد پرویز‘ ایڈیشنل سیکرٹری ہیلتھ ٹیکنکل ڈاکٹر سلمان شاہد‘ ای پی آئی ڈائریکٹر ڈاکٹر منیر‘ سابق ڈائریکٹر فنانس محکمہ ہیلتھ پنجاب ڈاکٹر تنویر بیگ‘ ڈاکٹر عثمان حبیب ڈائریکٹر فارمیسی اور اکاونٹس آفیسر غلام محمد کو بچوں کی ہلاکتوں کا ذمہ دار قرار دیا گیا ہے۔ تحقیقاتی رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ خناق کے علاج کیلئے جو ادویات خریدی کی گئی تھیں وہ غیرمعیاری تھیں اور وہ 31 اکتوبر 2015ءکو ایکسپائر ہو چکی تھیں۔ اس بارے میں ایم ایس چلڈرن ہسپتال لاہور اور الائیڈ ہسپتال فیصل آباد نے نئی ادویات کی خریداری کیلئے کئی بار محکمہ صحت کو مطلع کیا مگر فریش دوائی کی خریداری میں جان بوجھ کر تاخیر کی گئی۔ انکوائری کمیٹی نے ذمہ داران کیخلاف پیڈا ایکٹ کے تحت کارروائی کی سفارش کرتے ہوئے سمری وزیراعلی کو بھجوا دی ہے۔