Friday, April 26, 2024

پنجاب اور کے پی میں 10ویں اور 12ویں جماعت کی کلاسز شروع ہو گئیں

پنجاب اور کے پی میں 10ویں اور 12ویں جماعت کی کلاسز شروع ہو گئیں
May 31, 2021

لاہور (92 نیوز) پنجاب اور خیبر پختونخوا میں 10 ویں اور 12 ویں جماعت کی کلاسز شروع کر دی گئیں۔ فیصلے کے مطابق 50 فیصد طلبا ایس او پیز کے تحت میں 3 دن اسکول آئیں گے۔ 

کورونا وائرس کے وار تھمنے لگے، لاہور سمیت پنجاب بھر میں دسویں اور بارویں جماعت کے تعلیمی ادارے کھل گئے۔ کئی ماہ بعد طلبا بڑی تعداد میں اسکول اور کالجز پہنچے اور تعلیمی سرگرمیاں بحال ہونے پر خوش دکھائی دئیے۔

اساتذہ اور طلبا کا کہنا ہے کہ امتحانات میں بھی وقت کم رہ گیا ہے کورونا کی وجہ سے تعلیم کا بہت حرج ہوا۔

گوجرانوالہ اور پنجاب کے دیگر اضلاع میں بھی دسویں اور بارویں جماعت کی کلاسز کاآغاز ہو گیا۔ طلبا کو ایس او پیز کے تحت ماسک لگائے اور ہینڈ سینیٹائزگ کے بعد اسکول اور کالجز میں داخل ہونے کی اجازت دی گئی، جبکہ کلاسز میں سماجی فاصلے کے تحت بچوں کو بٹھایا گیا۔

ادھر خیبرپختونخوا میں بھی دسویں اور بارہویں جماعتوں کی کلاسز کا آج سے دوبارہ آغاز ہوگیا۔ کورونا کیسز میں کمی کے بعد صوبہ بھر کے تمام اضلاع میں آج سے اسکولوں اور کالجز میں دسویں اور بارہویں جماعت کی کلاسز بحال کر دی گئی ہیں، جبکہ صوبے کے 26 اضلاع میں پرائمری اور مڈل کی بھی کلاسز بحال کر دی گئی ہیں۔

ہائی اسکولز اورکالجز میں تعلیمی سلسلہ بحال ہونے پر جہاں طلبہ اور اساتذہ دونوں ہی خوش دکھائی دیئے۔ تو وہیں والدین بھی تعلیمی سلسلہ بحال ہونے پر کافی خوش ہیں۔ والدین کے مطابق بچوں کا کافی وقت ضائع ہوا اب دل لگاکر پڑھنے کی ضررورت ہے۔

اسکولوں میں کورونا ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنایا جارہا ہے، اسکولوں میں داخل ہوتے وقت سینیٹائزر کا استعمال کیا جاتا ہے جبکہ طلبہ کا ٹمپریچر بھی چیک کیا جاتا ہے۔