Wednesday, May 8, 2024

پنجاب اور سندھ کے اکثر علاقوں میں قیامت خیز گرمی

پنجاب اور سندھ کے اکثر علاقوں میں قیامت خیز گرمی
June 2, 2019
لاہور (92 نیوز) آج بھی ملک کے مختلف شہروں میں سورج کا پارہ ہائی ہے۔ پنجاب اور سندھ کے اکثر علاقوں میں قیامت خیز گرمی پڑ رہی ہے۔ آج صبح ہوتے ہی سورج آگ برسانے لگا۔ پنجاب اور سندھ کے بیشتر شہر تنور بن گئے۔ جیکب آباد میں پارہ پھر پچاس تک جانے کا امکان، بہاول پور اور گردونواح بھی شدید گرمی کی لپیٹ میں جہاں درجہ 47 ڈگری تک جانے کا امکان ہے۔ ملتان میں بھی سورج آگ بگولہ ہو گیا اور پارہ  47 کو چھو سکتا ہے۔ پنجاب کے دیگر شہروں میں بھی سورج کا مزاج گرم ہے۔ صوبائی دارالحکومت لاہور میں لو کے تھپڑوں نے روزہ داروں کو بے حال کر دیا۔  فیصل آباد میں بھی سورج آنکھیں دکھانے لگا۔ گرم ہوائیں چلنے سے پارہ 46 کا ہندسہ عبور کر گیا۔ کراچی کا موسم بھی آج گرم رہے گا۔ شہرقائد کا درجہ حرارت 37 ڈگری تک پہنچنے کا امکان ہے۔ بلوچستان میں بھی گرمی کی شدت میں اضافہ ہو گا۔ سبی کا پارہ 38 جبکہ تربت میں 35 ڈگری ہو گیا۔ موسم کا حال بتانے والوں نے خبر دار کیا ہے کہ پنجاب کے چھوٹے بڑے شہروں، خیبرپختونخوا کے بیشتر میدانی علاقوں، مشرقی بلوچستان اور صوبہ سندھ میں موسم شدید گرم رہے گا۔ مالاکنڈ، ہزارہ ڈویژن، گلگت بلتستان اور کشمیر میں چند مقامات پر آندھی اور تیز بارش کا امکان ہے جبکہ سوموار کو بھی ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم شدید گرم اور خشک رہے گا۔