Friday, March 29, 2024

پنجاب اور سندھ کے 42 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کے لیے پولنگ جاری

پنجاب اور سندھ کے 42 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کے لیے پولنگ جاری
December 30, 2015
لاہور / کراچی (92نیوز) بلدیاتی انتخابات کے لیے پنجاب اور سندھ میں باقی رہ جانے والی 200 سے زائد نشستوں پر پولنگ جاری ہے جو پانچ بجے تک جاری رہے گی۔ تفصیلات کے مطابق سندھ اور پنجاب کے 42 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کے لئے ووٹنگ کا عمل جاری ہے۔ پنجاب کے 154 اور سندھ کے 60 حلقوں میں پولنگ کا عمل صبح ساڑھے 7 بجے شروع ہوا جو شام ساڑھے 5 بجے تک بلا تعطل جاری رہے گا۔ پنجاب میں ڈیرہ غازی خان، لودھراں، منڈی بہاو الدین، فیصل آباد، شیخو پورہ اور راولپنڈی سمیت 29 اضلاع میں جبکہ سندھ میں کراچی، حیدر آباد، ٹنڈوالہ یار، نوابشاہ، میر پور خاص، گھوٹکی اور بے نظیر آباد سمیت 13 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کے لئے پولنگ ہو رہی ہے۔ میونسپل کارپوریشن راولپنڈی، سیالکوٹ، بہاولپور کی ایک ایک یو سی میں چیئرمین کے انتخاب کے لیے ووٹ کاسٹ کئے جائیں گے جبکہ سندھ میں میونسپل کمیٹی نوابشاہ، ٹنڈو جام، ٹنڈو الہ یار کے تمام وارڈز میں پولنگ ہو گی۔ اسی طرح کراچی شرقی، حیدر آباد، بینظیر آباد، نوشہرو فیروز، تھر پارکر، ٹنڈو الہ یار اور میر پور خاص کے بعض حلقوں میں یونین کمیٹی کے انتخابات ہوں گے۔ سندھ کی متعدد ٹاو¿ن کمیٹیز میں بھی پولنگ ہو گی۔ پولنگ کے دوران مختلف بے ضابطگیاں بھی سامنے آئی ہیں جبکہ سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ سندھ اور پنجاب میں 2 مرحلوں میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے دوران ان اضلاع میں پولنگ مختلف وجوہات کی بنا پر نہیں ہو سکی تھیں۔