Saturday, April 20, 2024

پنجاب اور سندھ میں روہنگیا مسلمانوں پر مظالم کیخلاف سول سوسائٹی کے مظاہرے، حکومت سے معاملہ عالمی سطح پر اٹھانے کا مطالبہ

پنجاب اور سندھ میں روہنگیا مسلمانوں پر مظالم کیخلاف سول سوسائٹی کے مظاہرے، حکومت سے معاملہ عالمی سطح پر اٹھانے کا مطالبہ
June 7, 2015
ملتان/ لاڑکانہ (92نیوز) برما میں روہنگیا مسلمانوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کیخلاف آج ملتان اور لاڑکانہ میں احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔ تفصیلات کے مطابق ملتان میں سول سوسائٹی کے زیراہتمام برما میں مسلمانوں پر ہونے والے مظالم کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرین نے برما کے پرچم کو نذراتش کردیا۔ ملتان کے نواں شہر چوک پر سول سوسائٹی نے برما کے مسلمانوں کے قتل عام کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے بنیرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر برما کے مسلمانوں کے حق میں نعرے درج تھے۔ مظاہرین نے کہا کہ برما میں مسلمانوں پر ہونے والے ظلم پر عالمی دنیا خاموش ہے جبکہ ترکی واحد اسلامی ملک ہے جو اس مشکل کی گھڑی میں اپنے مسلم بھائیوں کی مدد کیلئے پہنچا ہوا ہے۔ مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ پاکستانی حکومت کو برما کے مسلمانوں کے قتل عام کو رکوانے کیلئے عالمی سطح پر آواز بلند کرنی چاہیے اور انکی مدد کیلئے عملی قدم اٹھانا چاہیے۔ علاوہ ازیں لاڑکانہ میں نیو ریشم گلی ایسوسی ایشن دڑی محلہ کی جانب سے برما میں مسلمانوں کے قتل عام کے خلاف اور ان سے اظہار یکجہتی کے طور پر ریلی نکالی گئی جو شہر کے مختلف راستوں سے ہوتی ہوئی جناع باغ چوک پہنچی جہاں ایسوسی ایشن کے صدر رضا علی بھٹی اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کے اندر جہاں بھی مسلمانوں کے ساتھ ظلم ہورہاہے اس کےلئے حکمرانوں کو ضرور آواز اٹھانا چاہیے لیکن افسوس ہمارے ملک کے حکمرانوں نے صرف اپنے لیے جینا سیکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم برما میں مسلمانوں پر ہونے والے مظالم اور جبر کے خلاف آواز بلند کرنے کےلئے سڑکوں پر نکل آئے ہیں اور یہ آواز حکمرانوں کے کانوں تک پہنچائیں گے تاکہ مسلمانوں پر مظالم بند کی جائے۔ ریلی میں سیاسی اور سماجی کارکنان نے بھی شرکت کی۔