Friday, March 29, 2024

پنجاب اور خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں دھند کا راج

پنجاب اور خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں دھند کا راج
December 10, 2020

لاہور (92 نیوز) پنجاب اور خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں دھند کا راج ہے ، لاہور سے کوٹ مومن انٹرچینج تک شدید دھند کے باعث موٹر وے ایم ٹو بند کر دی گئی ۔

صوبائی دارالحکومت سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں دھند کی انٹری ہو گئی ، لاہور میں علی الالصبح دھند نے ایسا رنگ جمایا کے ہاتھ کو ہاتھ سجھائی نہ دیا،دھند کے بادل گہرے ہوئے اور ہر چیز دھندلا گئی جس سے حد نگاہ بھی انتہائی کم ہو کر رہ گئی۔

بابو صابو ٹرک اڈے کے قریب سڑک کراس کرتے معمر شخص دھند کے باعث نالے میں گر کر زخمی ہو گیا ۔ لاہور سے ملتان ایم تھری جبکہ پنڈی بھٹیاں سے شام کوٹ تک قومی شاہراہ ایم ٹو کو شدید دھند کی وجہ سے بند کردیا گیا ۔ ترجمان کے مطابق موٹروے ایم فور کو پنڈی بھٹیاں سے شور کوٹ تک حد نگاہ بہتر ہونے پر کھول دیا گیا ہے۔

پھول نگرمیں بھی دھند نے ڈیرے ڈالے اور حد نگاہ انتہائی کم ہو کر رہ گئی جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی،شیخوپورہ شرقپور روڈ سمیت گردونواح میں دھند کےباعث حد نگاہ 10 میٹر رہ گئی رینالہ خورد میں دھند کا راج رہا۔

بصیرپور حویلی لکھا اور منڈی احمد آباد کے گردونواح میں بھی دھند کے بادل چھا گئے ،عارف والا میں حد نگاہ  20 میٹر تک محدود ہو گئی۔ سیالکوٹ،گوجرانوالہ،قصور،نارووال اور دیگر علاقے بھی دھند کی لپیٹ میں رہے۔

ترجمان موٹروے پولیس کی جانب سے مسافروں کو گاڑیوں کی فوگ لائٹس استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔