Saturday, May 18, 2024

پنجاب اور خیبرپختونخوا کے دوسرے مرحلے کے بلدیاتی انتخابات سے متعلق حکمت عملی طے

پنجاب اور خیبرپختونخوا کے دوسرے مرحلے کے بلدیاتی انتخابات سے متعلق حکمت عملی طے
December 24, 2021 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) پنجاب اور خیبرپختونخوا کے دوسرے مرحلے کے بلدیاتی انتخابات سے متعلق حکمت عملی طے کر لی گئی۔

ذرائع کے مطابق اعلیٰ سطح کے اجلاس میں وزیراعظم نے کے پی بلدیاتی الیکشن میں سابقہ غلطیاں نہ دہرانے کی ہدایت کر دی۔ وزیراعظم کا کہنا تھا وہ پارٹی امیدواروں کی ٹکٹس کا خود جائزہ لے کر فیصلہ کریں گے۔

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ترجمانوں کے اجلاس میں بیرسٹر سیف نے کے پی بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے اعدادوشمار پیش کرتے ہوئے کہا کہ بلدیاتی انتخابات میں ووٹس کی تعداد کے مطابق تحریک انصاف کے پی میں مقبول ترین جماعت ہے۔ وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی کا کے پی الیکشن سے متعلق خوشی منانا حیران کن ہے۔ دعویٰ کیا کہ عوام ہمارے ساتھ ہیں۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ نواز شریف کی سزا ختم ہونے سے متعلق قیاس آرائیاں ہو رہی ہیں۔ یہ کیسے ممکن ہے کہ سزا یافتہ شخص کی سزا ختم ہو جائے۔ نواز شریف نے عوام کا پیسہ لوٹا اور باہر منتقل کیا۔ پانامہ میں نواز شریف کا نام آیا اور عدالت نے ڈس کوالیفائی کیا۔ ایک مجرم کی سزا ختم کر کے کیسے چوتھی بار وزیراعظم بنایا جا سکتا ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ نواز شریف کی نااہلی ختم کرانے کے لیے راستے نکالے جا رہے ہیں۔ اگر نواز شریف کی سزا ختم کرنی ہے تو ساری جیلیں کھول دینی چاہیے۔ چھوٹے کیسز میں ملوث لوگ جیلوں میں اور بڑے چوروں کے لیے راستے نکالے جانے کی باتیں ہو رہی ہیں۔ وزیر اعظم نے پارٹی ترجمانوں کو نواز شریف کی کرپشن اور نااہلی کو ہائی لائیٹ کرنے کا ٹاسک سونپ دیا۔