Saturday, May 11, 2024

پنجاب اور خیبرپختونخوا میں ڈینگی قابو سے باہر ہو گیا

پنجاب اور خیبرپختونخوا میں ڈینگی قابو سے باہر ہو گیا
September 19, 2019
لاہور ( 92 نیوز) پنجاب اور خیبرپختونخوا میں ڈینگی قابو سے باہر ہو گیا،گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران پنجاب میں 323 اور خیبرپختونخوا میں مزید 153 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی ۔  پنجاب میں متاثرہ مریضوں کی تعداد 2012 اور کےپی کے میں 1800سےبڑھ گئی، ڈینگی مچھرنے صحت کا بڑا بحران پیدا کردیا۔ ڈینگی مچھروں نے پنجاب حکومت کی کارکردگی کا پول کھول دیا ، صوبے میں متاثرہ افراد کی تعداد 2012تک پہنچ گئی ۔  گزشتہ چوبیس گھنٹے میں راولپنڈی سے 121، اسلام آباد سے 173 ڈینگی کے مریض رپورٹ ہوئے جب کہ  لاہور اور جھنگ سے مزید چار چار نئے کیس سامنے آئے ۔ فیصل آباد الائیڈ اسپتال میں بھی زیرعلاج ایک خاتون میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوئی ، لیہ، گجرات اور وہاڑی سے مزید ، 2،2مریض ڈینگی کا شکار ہوئے ۔ ملتان میں کراچی سے ڈینگی کا شکار ہوکر آنے والا نوجوان نشتر اسپتال میں داخل، 22 سالہ سیف کراچی میں بھی زیر علاج رہا، ترجمان محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ نشتر اسپتال میں زیر علاج مریضوں کی تعداد 9 ہوگئی ہے۔ خیبرپختونخوا میں بھی ڈینگی کے ڈنک جاری ہیں ۔  صوبہ بھرمیں مریضوں کی مجموعی تعداد 1800 سےتجاوز کرگئی، محکمہ صحت کے مطابق صرف پشاور میں گزشتہ 24 گھنٹے میں 112نئے کیسز رپورٹ ہوئے، ایبٹ آباد میں 10، ہری پور میں 6، کوہاٹ میں 5 افراد میں ڈینگی کی تصدیق ہوئی۔ ڈینگی مچھر نے صحت کا بڑا بحران پیدا کردیا ، اسپتالوں میں جگہ کم پڑگئی، ڈاکٹرز، نرسز اور عملے کی عدم دستیابی اور ادویات کی کمی کے باعث سیکڑوں مریضوں کی زندگیاں خطرے میں ہیں۔