Saturday, May 4, 2024

پنجاب : انٹرمیڈیٹ پارٹ ون کے رزلٹ میں غلطیوں پر طلباءسراپا احتجاج

پنجاب : انٹرمیڈیٹ پارٹ ون کے رزلٹ میں غلطیوں پر طلباءسراپا احتجاج
October 15, 2016
لاہور (92نیوز) پنجاب بھر میں طلباءانٹرمیڈیٹ پارٹ ون کے رزلٹ میں غلطیوں کے خلاف سراپا احتجاج بن گئے۔ لاہور‘ گوجرانوالہ‘ ملتان‘ بہاولپور اور رحیم یارخان میں طلباءکا طوفان آ گیا۔ شہر شہر مظاہروں میں نتائج میں گڑ بڑ کرنے والوں کےخلاف ایکشن کامطالبہ۔ تفصیلات کے مطابق لاہور میں انٹر فرسٹ ائیر کے پیپرز کی ری چیکنگ کی درخواستیں ہاتھ میں تھامے طلباءکا آج پھر بورڈ آفس کے باہر جم غفیر رہا۔ طلباءنے کہا صرف ری چیکنگ سے کام نہیں چلے گا ری مارکنگ بھی کی جائے۔ لاہور بورڈ آفس کے باہر آج پھر طلباءکی لمبی قطاریں لگی رہیں اور انہوں نے ری چیکنگ کیلئے درخواستیں جمع کروائیں۔ انتظامیہ میں سے کوئی طلباءکی رہنمائی کے لیے موجود نہیں تھا۔ انتظامیہ کی جانب سے بچوں کو صرف ایک پرچی تھما کر مزید اطلاع ایس ایم ایس پر دینے کا کہا جاتا رہا۔ طلباءنے کہا انتظامیہ کی جانب سے انہیں پرچوں کی ری چیکنگ کی یقین دہانی کرائی گئی ہے لیکن ہمارا مطالبہ ہے کہ ری چیکنگ کے ساتھ ری مارکنگ بھی کی جائے۔ گوجرانوالہ میں بھی انٹر میڈیٹ پا رٹ ون کے پیپرز کی غلط ما رکنگ کیخلا ف طلباءنے شدید احتجاج کیا تاہم بورڈ انتظا میہ نے طلباءکو بغیر فیس ری چیکنگ کی یقین دہانی کروائی تو طلبہ منتشر ہو گئے۔ فیصل آباد میں بھی گیارہویں جماعت کے نتائج میں غلطیوں پرطلباءسڑکوں پر نکل آئے۔ طلباءنے جڑانوالہ روڈ بلاک کرتے ہوئے تعلیمی بورڈ کے خلاف شدید نعرے بازی بھی کی۔ پنجاب بھر کی طرح بہاولپور میں بھی چیئرمین اور انچارج شعبہ امتحانات بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن بہاولپور کے خلاف طلباءنے مظاہرہ کیا اور پیپرز کی مفت ری چیکنگ کا مطالبہ کیا۔ ملتان میں فرسٹ ایئر کے طلباءنے ملتان بورڈ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔ طلبا نے ملتان بورڈ کا گھیراو کر لیا اور گیٹ توڑنے کی کوشش کی تاہم پولیس کی بھاری نفری نے موقع پر پہنچ کر صورتحال کنٹرول کی۔ بھکر میں بھی ڈگری کالج کے طلباءامتحانی پیپرز میں غلط مارکنگ پر سرگودھا بورڈ کے خلاف سڑکوں پر آگئے اور بورڈ انتظامیہ کے خلاف شدید احتجاج کیا۔ رحیم یارخان میں انٹرمیڈیٹ کے رزلٹ کے خلاف طلباءنے مرغے بن کربورڈ کے خلاف نعرے لگائے۔