Saturday, May 11, 2024

پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں ڈاکٹرز پر حملے کی وجوہات کا 92 نیوز نے کھوج لگا لیا

پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں ڈاکٹرز پر حملے کی وجوہات کا 92 نیوز نے کھوج لگا لیا
December 11, 2019

 لاہور (92 نیوز) لاہور میں وکلا نے پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں ڈاکٹرز پر حملہ کیوں کیا؟ 92 نیوز نے اصل وجوہات کا کھوج لگا لیا۔ ڈاکٹرز کی گزشتہ روز وائرل ہونے والی ایک ویڈیو نے جلتی پر تیل کا کام کیا۔

لاہور کے پنجاب انسٹی ٹیوٹ پر حملہ سوچے سمجھے منصوبے کا نتیجہ تھا۔ 92 نیوز کو ملنے والی فوٹیج وکلا کی منصوبہ بندی عیاں کر گئی ۔

 فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک وکیل ڈاکٹروں کو مخاطب کرتے ہوئے بتا رہے ہیں کہ گھس کے ماریں گے ۔ وکیل یہ کہتا دکھائی دے رہا ہے کہ  ڈاکٹر دیکھ یہ سمندر آ رہا ہے ، آج بڑے آپریشن ہونگے۔

اس ویڈیو کے کچھ ہی دیر بعد وکیلوں نے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی پر حملہ کر دیا۔ پھر جو کچھ ہوا وہ پورے پاکستان نے دیکھا۔

 دوسری طرف92نیوز اپنے ناظرین کیلئے وہ ویڈیو سامنے لایا جو وکیلوں کے اشتعال کی وجہ بنی ہے۔ فوٹیج میں آپ دیکھ سکتے ہیں کہ ایک ڈاکٹر اسٹیج پر کھڑا ہو کر وکیلوں کو پی آئی سی میں تشدد کا نشانہ بنانے اور صلح نامہ میں کامیابی  کا اعلان کرتے ہوئے وکلا کا ٹھٹھہ  اُڑا رہا ہے ۔

ڈکٹروں اور وکیلوں کے درمیان اس لڑائی کا آغاز نومبر کے آخری ہفتے میں ہوا تھا جب ڈاکٹروں نے چند وکیلوں سے پی آئی سی میں مار پیٹ کی جس کے بعد کبھی وکلا تو کبھی ڈاکٹر احتجاج کرتے رہے ہیں۔ چند روز پہلے صلح صفائی بھی ہو گئی مگر ڈاکٹروں نے ویڈیو سوشل میڈیا پر جاری کرکے وکیلوں کو بھڑکا دیا۔