Friday, April 26, 2024

پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی اڑتیس میں ضمنی الیکشن کے لیے پولنگ شروع

پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی اڑتیس میں ضمنی الیکشن کے لیے پولنگ شروع
July 28, 2021 ویب ڈیسک

سیالکوٹ (92 نیوز) پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی اڑتیس میں ضمنی الیکشن کے لیے پولنگ شروع ہو گئی۔

حلقے میں آٹھ امیدوار مدمقابل ہیں۔ نون لیگ کے طارق سبحانی اور پی ٹی آئی کے احسن بریار میں کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے۔

نشست مسلم لیگ ن کے رکن صوبائی اسمبلی و سابق صوبائی وزیر چودھری خوش اختر سبحانی کی وفات کی وجہ سے خالی ہوئی۔ حلقے میں ووٹرز کی مجموعی تعداد 2 لاکھ 33 ہزار 402 ہے۔ مرد ووٹرز کی تعداد ایک لاکھ 28 ہزار 128  جبکہ خواتین ووٹرز کی تعداد ایک لاکھ 5 ہزار 94 ہے۔

الیکشن کمیشن نے 165 پولنگ اسٹیشن قائم کئے ہیں جن میں 30 حساس ترین جبکہ 68 حساس قرار دئیے گئے ہیں۔ ضلعی انتظامیہ کی  جانب سے ڈی پی او آفس میں مانیٹرنگ ڈیسک بھی قائم کیا گیا ہے۔ اس حلقے کا سب سے بڑا مسئلہ 27 کلو میٹر لمبی پسرور روڈ ہے جو مکمل طور پر ٹوٹ چکی ہے جس کے باعث اس پرآئے روز حادثات ہوتے ہیں۔ معاون خصوصی پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے الزام لگایا کہ ن لیگ کی جانب سے ووٹ خریدے جارہے ہیں۔

صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب نے ضمنی انتخاب کے لئے الیکشن میٹریل کی تقسیم اور ترسیل کی نگرانی کی۔ صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب نے ضمنی انتخاب کے حوالے سے مانیٹرنگ ٹیموں کے ساتھ اہم ملاقات بھی کی۔